• news
  • image

تعلیمی معیار اور آن لائن کلاسز

آج ہم جس معاشرے میں زندگی گزار رہے ہیں وہاں کرونا نے طرزِ زندگی کو یکسر بدل دیا ہے اور ہمارے معاشرتی ، معاشی اور سیاسی نظام کو اس وبا نے زوال کی طرف دھکیل دیا ہے۔ اسی تیزی سے تعلیمی نظام بھی متاثر ہوا طلبا میں یکسوئی اور ان کی توجہ کو تعلیم کی طرف مبذول رکھنے کے لئے آن لائن کلاسز کا اجرا ہوا ہے اسکے مقاصد میں نمایاں بات یہ ہے کہ ایک تو گھر بیٹھے طلبا ء کا تعلیم سے رابطہ برقرار رکھا جائے دوسرے ان کے سلیبس کو مکمل کروایا جائے تاکہ بعد ازاں انہیں دشواری کا سامنا نہ ہو۔ ایک اندازے کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے ایک اعشاریہ دو فی صد بچے سکول سے دور ہیں۔ دوسرے ممالک میں لاک ڈاؤن کے دوران طلبا کو تعلیمی نظام سے سے مربوط رکھنے کے آن لائن کلاسز کا آغاز ہوا پاکستان میں بھی آن لائن کلاسز کا آغاز ہوا یہ ایک واضح حقیقت ہے کہ آن لائن کلاسز میں وہ تمام عوامل تو موجود نہیں کہ جو ایک طالب علم براہ راست سیکھتا ہے اوراسکی علمی اور سماجی نشونما ہوتی رہتی ہے لیکن موجودہ سنگین صورت حال کے پیش نظر ڈوبتے کو تنکے کا سہارا سمجھتے ہوئے یہ ایک احسن اقدام ہے۔ ایک طالب علم خالی الذہن رہنے کے بجائے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے اور طلبامسلسل محنت اورلگن سے اچھی کارکردگی دکھا سکتے ہیں نئی ٹیکنا لوجی کا استعمال ذہن کے نئے دریچوں اور راہوں کو کھول سکتا ہے مغربی ممالک میں آن لائن کلاسز کا نہ صرف ریشو زیادہ ہے بلکہ وہاں کارکردگی کا معیار بھی بہتر ہے۔ پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک میں آن لائن نظام فوائد کے ساتھ ساتھ کچھ مسائل بھی لئے ہوئے ہے۔طلبا کو ایک طرف تو انٹرنیٹ کے مسائل کا سامنا ہے اورر دوسری طرف تیکنیکی مسائل اور اسمارٹ موبائل کا نہ ہوناہے۔ ایک سروے کے مطابق دور دراز کے دیہی علاقوں میں نیٹ کا نہ ہونا طلبا کے پاس جدید سہولتوں سے لیس موبائل کا نہ ہونا بار بار بجلی کا منقطع ہونا اساتذہ اور طلبا کی ٹریننگ کا نہ ہونا آن لائن کلاسز کی راہ میں رکاوٹ ہے۔ کالجز کے پروفیسر صاحبان کی آراء کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی سے آن لائن کلاسز اپنے مطلوبہ نتائج حاصل کر سکتی ہیں لیکن صورتحال یہ ہے کہ جن طلباہ کے پاس جدید ٹیکنالوجی کے موبائل نہیں ان کیلئے آن لائن ایجوکیشن کیسے ممکن بنائی جائے۔ راقمہ کی ایک طالبہ نے بتایا کہ اسکے لئے آن لائن لیکچر لینا اس لیے ناممکن ہے کہ اس کے پاس لیپ ٹاپ یا جدید موبائل کی سہولت نہیں ۔ ان تمام مسائل کے ازالے کے بعد آن لائن کلاسز بلاشبہ کرونا اور لاک ڈاؤن کی صورتحال میں سیکھنے کا ایک بہترین موقع ہے۔ اگر بنظر غائر دیکھا جائے تو یہ حقیقت سامنے آتی ہے کہ کسی بھی نئے طریقہ کار میں اگرچہ مسائل پوشیدہ ہوتے ہیں لیکن یہ تجربات ذہن کی راہیں کھولنے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ مجموعی طور پر اس سہولت سے فائدہ اٹھانا دراصل اس تعلیمی رابطے کو برقرار رکھنا ہے ۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن