پرویز الٰہی کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال، اپوزیشن مایوسی کا شکار ہے: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر + خصوصی نامہ نگار) وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ورکنگ ریلیشن کے معاملات پر بھی بات چیت کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے مل کر صوبے کے عوام کی خدمت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔ اکٹھے تھے، اکٹھے ہیں اور اکٹھے رہیں گے اور عوام کو ریلیف دینے کے مشن میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) ہماری اتحادی ہے، ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔ اپوزیشن نے کرونا سمیت ہر نازک موقع پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی۔اپوزیشن جماعتیں مایوسی کا شکار ہیں۔ عثمان بزدار نے ایوان کی کارروائی احسن انداز میں چلانے پر سپیکر چودھری پرویزالٰہی کی پارلیمانی خدمات کو سراہا۔ چودھری پرویزالٰہی کی پارلیمانی خدمات قابل تحسین ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ حکومت پنجاب نے موجودہ مشکل معاشی حالات میں بہتر اور متوازن بجٹ پیش کیا۔ ٹیکس فری بجٹ پیش کرنے پر عثمان بزدار اور اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ پنجاب کو ترقی کی راہ پر تیزی سے گامزن دیکھ رہے ہیں۔ تحریک انصاف کے اتحادی ہیں اور رہیں گے۔ اپوزیشن نے اپنے دور میں میرے وقت کے فلاح عامہ کے فلاحی منصوبوں کو انا کی بھینٹ چڑھایا۔ عوام میں اپوزیشن کی کوئی ساکھ نہیں۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار سے صوبائی وزیر محمد اجمل چیمہ نے ملاقات کی اور اپنے علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ارکان اسمبلی کی عزت میری عزت ہے۔ منتخب نمائندوں کے حلقوں میں ترقیاتی کاموں کو مزید تیز کریں گے۔ ترقیاتی کاموں کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ عثمان بزدار سے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق سردار مہندر پال سنگھ بھی ملے۔ سردار مہندر پال سنگھ نے اقلیتوں کے مسائل حل کرنے میں ذاتی دلچسپی لینے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے تمام تر ممکنہ وسائل فراہم کریں گے۔ تحریک انصاف کی حکومت اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کا وژن رکھتی ہے۔