• news

منور حسن کراچی میں سپرد خاک‘ سراج الحق نے نماز جنازہ پڑھائی

لاہور/ اسلام آباد /گوجرانوالہ(خصوصی نامہ نگار/ وقائع نگار خصوصی/نمائندہ خصوصی) جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سید منورحسن کو ہفتہ کے روز افسردہ و غمگین چہروں، اشک بار آنکھوں اور ہزاروں سوگواروںکی موجودگی میں سخی حسن قبرستان میں پروفیسر غفور احمد مرحوم کے قریب سپردخاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق کی امامت میں عید گاہ گراؤنڈ ناظم آباد میں ادا کی گئی جس میں جماعت اسلامی کے مرکزی قائدین، دینی وسیاسی جماعتوں کے رہنما، مختلف شعبہ زندگی سے وابستہ افراد، جماعت اسلامی کے کارکنوں اور سید منورحسن سے محبت وتعلق رکھنے والے ہزاروں افرادنے شرکت کی اور مرحوم کی دینی وسیاسی، سماجی، تنظیمی، تحریکی وعلمی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا۔ نماز جنازہ کے اس بڑے اور پروقار اجتماع سے سینیٹر سراج الحق، امیرکراچی حافظ نعیم الرحمن، اور نائب امیرکراچی ڈاکٹر اسامہ رضی نے بھی خطاب کیا۔ نماز جنازہ میں منورحسن کے صاحبزادے سید طلحہ حسن، مرکزی نائب امراء پروفیسر محمد ابراہیم، لیاقت بلوچ، راشد نسیم، اسد اللہ بھٹو، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، سکریٹری جنرل امیر العظیم، جامعہ بنوریہ کے مہتتم و مفتی نعیم کے صاحبزادے مفتی نعمان، مسلم لیگ ن کے نہال ہاشمی، خواجہ طارق نذیر، ایم کیو ایم کے عامر خان، پی ایس پی کے ارشد وْہرہ ، ایم کیو ایم حقیقی کے آفاق احمد، جے یوپی کے قاضی احمد نورانی، جے یو آئی (س)کے حافظ احمد علی، ڈپٹی سکریٹری جنرل محمد اصغر، رکن قومی اسمبلی مولانا عبد الاکبر چترالی، رکن آزاد کشمیر اسمبلی عبد الرشید ترابی، شیخ القرآن والحدیث مولانا عبد المالک، نائب امراء صوبہ سندھ عبد الغفار عمر، ممتاز سہتو، جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود، جے یو آئی (ف)کے قاری محمد عثمان، مولانا غیاث، مولانا عمرصادق، مولانا عبد الکریم عابد، جماعت الدعوہ کے قاری محمد یعقوب شیخ، حافظ محمد امجد، این ایل ایف پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی، اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ حمزہ صدیقی، سید منورحسن کے قریبی دوست سعید عثمانی، جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے امیر جاوید قصوری، جماعت اسلامی جنوبی پنجاب کے امیر ڈاکٹر طارق سلیم، خیبر پختونخواہ کے رکن اسمبلی عنایت الرحمن، صوبائی سکریٹری سندھ کاشف شیخ، جماعت اسلامی حیدرآباد کے امیر حافظ طاہر مجید، جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولانا عبد الحق ہاشمی، تنظیم اسلامی کے شجاع الدین شیخ، شیعہ عالم دین علامہ صادق جعفری، کراچی بار کے سابق صدر نعیم قریشی ودیگر شریک تھے۔ سید منور حسن مرحوم کی غائبانہ نماز جنازہ منصورہ میں مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے پڑھائی۔ نماز جنازہ میں نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، مرکزی رہنما میاں مقصود احمد، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، جنرل سیکرٹری لاہور انجینئر اخلاق احمد، ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن، کارکنان جماعت، مولانا زبیر احمد ظہیر، ڈاکٹر سرفراز اعوان، مختلف سیاسی و مذہبی رہنماؤں سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سید منور حسن کی غائبانہ نماز جنازہ ایچ الیون اسلام آباد میں بھی میں ادا کی گئی، امامت نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کی، نماز جنازہ کے شرکا سے امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا، آل پارٹیز حریت کانفر نس کے غلام محمد صفی، آصف لقمان قاضی نے بھی خطاب کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کراچی میں سابق امیر جماعت اسلامی سید منورحسن کی رہائش گاہ پر ان کی اہلیہ عائشہ منور، بیٹے طلحہ منور اور بیٹی فاطمہ سے تعزیت کی اور نماز جنازہ میں شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی سیاست انتہائی پاکباز، عالم باعمل، جری و بہادر رہنما سے محروم ہوگئی ہے۔ دریں اثناء مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سابق امیر جماعت اسلامی سید منور حسن کے صاحبزادے طلحہ منور کو ٹیلی فون کر کے ان کے والد سید منور حسن کی وفات پر تعزیت کی شہباز شریف کی مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔گوجرانوالہ نمائندہ خصوصی کے مطابق منور حسین کی غائبانہ نماز جنازہ سید شبیر حسین عباسی کی امامت میں شیرانوالہ باغ میں ادا کی گئی۔ غائبانہ نماز جنازہ میں شہر بھر سے سیاسی و سماجی شخصیات سول سوسائٹی سمیت شہریوں کیبڑی تعداد نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن