پٹرول پورے ایشیا سے سستا، وفاقی وزرا: آئی ایم ایف مافیا کے سامنے سرنڈر کیا، اپوزیشن جماعتیں
اسلام آباد/ لاہور ( وقائع نگار خصوصی+ نیوز رپورٹر+خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے پٹرول بم گرا کر ثابت کیا کہ وہ عوام کو کچھ نہیں سمجھتی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے لکھا کہ عوام کی منتخب کردہ حقیقی قیادت مفاد عامہ میں فیصلے کرتی ہے جبکہ پیراشوٹ سے اقتدار میں آنے والے عوام کے بجائے مافیاز کے مفادات پورے کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت نے پٹرول بم گرا کر ثابت کیا کہ وہ عوام کو کچھ نہیں سمجھتی۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ اضافہ اس وقت کیاگیا جب ملک میں قلت ہے، حکومتی سرپرستی میں چینی کے بعد پٹرول مافیا کو عوام کو لوٹنے کا لائسنس دیاگیا، چینی کے بعد پٹرول مافیا جیت گیا اور عوام ہار گئے۔لیگی صدر کا کہنا تھا کہ یہ حکومت مافیاز کی سب سے بڑی حمایتی ثابت ہوئی، پٹرول کے معاملے بھی چینی چوری والی واردات دہرائی گئی، پی ٹی آئی حکومت نے قوم کے ساتھ گھناؤنا کھیل کھیلا۔ 75 روپے قیمت کی تو پٹرول مارکیٹ سے غائب ہوگیا، کوئی خرید نہ سکا۔لیگی صدر کا مزید کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ثبوت ہے، حکومت چاہتی ہی نہیں کہ معیشت چلے، عوام کا چولہا جلے ، ٹیکس وصولیوں میں بدترین ناکامی، تاریخی بلند ترین قرض، معیشت تباہ،ترقی کی شرح صفرہو چکی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا کہ وزیراعظم عمران خان اپنی نااہلی کی وجہ سے ڈوبتی معیشت کو عوام کی چہروں پر ڈاکا ڈال کر سہارا نہیں دے سکتے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پہلے پٹرول سستا کروا کر ذخیرہ کروا دیا اور پھر مہنگا کرکے عمران خان نے مافیا کو فائدہ پہنچایا جب پٹرول سستا تھا تو قلت پیدا کی گئی اور کم قیمتوں کے ثمرات بھی عوام تک نہ پہنچ سکے ۔ پٹرول سستا ہونے سے کچھ سستا نہیں ہوا تھا مگر مہنگا ہونے سے مزید مہنگائی ضرور ہو گی یہ نیا پاکستان ہے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کو عام آدمی کی کوئی فکر نہیں ایک ایسے وقت میں جب عوام کو مزید ریلیف کی ضرورت تھی پٹرول مہنگا کرنا غریب دشمنی ہے پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ کرنے والے ماضی میں معمولی اضافوں پر تنقید کرتے رہے ہیں عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈال کر عمران خان اپنی ناکامی کی وجہ سے ڈوبتی معیشت کو سہارا نہیں دے سکتے ۔ جمعیت علماء اسلام کے سر براہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ میں عوام کیلئے کچھ کرنے کے بجائے غریب عوام پر پٹرولیم کی قیمتوں میں ملکی تاریخ میں25روپے اضافہ کر کے مہنگائی کا سونامی بہادیا ہے اور مہنگائی کا ا ب وہ سیلاب آرہا ہے جو تھمنے کا نام نہیں لے گا وہ پارٹی رہنمائوں مولانا محمد امجد خان، حافظ حسین احمد ، محمد اسلم غوری ، حاجی شمس الرحمن شمسی ، مفتی ابرار احمد سے میڈیا آفس میں گفتگو کر رہے تھے مولا نا فضل الرحمن نے کہاکہ چند دن قبل پٹرول کی قیمتوں میں کمی عوام کے ساتھ مذاق کیا گیا انہوں نے کہاکہ مافیا کو لگام ڈالنے کے دعوے کرنے والے خود مافیا بن گئے ہیں انہوں نے کہاکہ کرونا وائرس اور لاک ڈاؤن سے پریشان قوم کی پریشانیوں میں بے پناہ اضافہ کر دیا گیا ہے جسے عوام برداشت نہیں کرے گی مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ جے یو آئی عوام دشمن اقدام کو مسترد کرتی ہے انہوں نے کہاکہ چینی مافیاکے بعد پٹرولیم مافیا کو غریب عوام کو لوٹنے کا لائسنس دے دیا گیا ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی اے این پی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی خان کا کہنا کہ کرونا کی صورتحال میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 66 فیصد تک اضافہ شرمناک ہے ۔ اسفند یار ولی خان نے کہا کہ شیڈول سے ہٹ کر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں می اضافہ کیا گیا انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں اضافے کی سمری کی منظوری نے ثابت کر دیا کہ فیصلے کوئی اور کروا رہا ہے جبکہ حکومت کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے۔ اسفند یار ولی نے کہا کہ کپتان اکثر مافیا کا ذکر کرتا رہتا ہے خود دائیں بائیں نظر ڈالیں تو مافیا ہی مافیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی غلام حکومت نے ان کی ہدایات پر عوام کو لوٹنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ ن نے وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ناکامی کا اعتراف کریں اور گھر چلے جائیں، مہنگائی کا طوفان سونامی کی صورت اختیار کرچکا، حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر اضافی ٹیکس لگائے،پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگی رہنما نے مزید کہا جہاں معیشت تباہ ہے وہاں پٹرول کی قیمتوں میں اس قدر اضافہ باعث افسوس ہے، وزیراعظم ایوان میں کہتے کہ میرے پاس آپ پر اضافی بوجھ پٹرول کی مد میں ڈالنے کے سوا کوئی حل نہیں،خواجہ آصف کا کہنا تھا عمران خان نے 2013 اور 2018 میں پٹرول پر ٹویٹ کیا، آج پٹرول کی قیمتیں بڑھیں، بجلی کی قیمتیں بھی بڑھیں گی، عمران خان نے پٹرول کی قیمتوں سے متعلق تنقید کی تھی، اگر جرات ہے تو عمران خان استعفیٰ دیں، پی ٹی آئی اپنا نیا لیڈر چن لے، سارا پاکستان عمران خان کی انا کی زد میں ہے، مہنگائی کا طوفان یہاں نہیں رکے گا، اپوزیشن کی تمام پارٹیوں سے مل کر مشترکہ لائحہ عمل طے کریں گے۔ لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا حکومت نے چور دروازے سے پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا، حکومت جب سے آئی مافیاز کے ہاتھوں یرغمال ہے، شاید حکومت نے الیکشن مہم میں مافیاز سے پیسے لیے تھے، پٹرولیم مصنوعات میں 25 روپے اضافہ معیشت کیلئے کمر توڑ وار ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کردیا۔ مسلم لیگ(ن) نے اس حوالے سے پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد بھی جمع کرادی۔ قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی۔پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتا ہے۔حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اچانک 25روپے اضافہ کردیا ہے۔جس کا بوج عوام کی جیب پر پڑے گا۔ لہذا یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے۔ اپوزیشن پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف اسمبلیوں کے اندر اور باہر بھر پور احتجاج کرے گی۔ سابق چیئرمین سینٹ اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ آئی ا یم ایف کی مشاورت سے کیا گیا ہے ایک بیان میں رضا ربانی نے کہا کہ وزارت خزانہ نے قیمتوں میں اضافہ کا فیصلہ آئی ایم ایف کی مشاورت سے کیا حالیہ اضافہ قابل مذمت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تیل کی قیمت میں بین الاقوامی مالیاتی سامراج آئی ایم ایف کنٹرول کر رہا ہے بین الاقوامی تیل کمپنیوں کا گٹھ جوڑ بطور مافیا کام کر رہا تھا رضا ربانی نے یہ بھی کہا کہ تیل کی قیمتوں کے مافیا کے دباؤ میں حکومت کو جھک جانے پر مجبور کیا۔ مافیا نے سول بیورو کریسی کے ساتھ ملکر تیل کی مصنوعی قلت پیدا کی۔ رانا ثناء نے کہا کہ پٹرول مافیا نے حکومت کو بلیک میل کیا مافیا حکومت میں موجود ہے جس نے حکومت سے فیصلہ کرایا ایف آئی اے اور آئی بی وزارت داخلہ کے ماتحت ہیں اربوں کی ڈکیتی ہو رہی ہے یہ ادارے کیا کام کر رہے ہیں ان اداروں کو کن کے پیچھے لگایا ہے یہ ادارے مافیا کی معلومات اکٹھی نہیں کرتے اپوزیشن کے پیچھے پھرتے ہیں انہوں نے کہا کہ پٹرول مافیا نے جو کل ڈکیتی کی ہے اس پر عوام کو بیوقوف بنانے کیلئے ایک کمشن بنا دیں ہمیں یہ معلوم نہیں ہو رہا کہ یہ خود مافیا ہیں یا مافیا انکے اندر ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہاکہ پٹرولیم قیمتوں میں رکارڈ اضافہ کیا گیا ہے، ایک دن میں تیل کی قیمتوں میں 25 روپے کا اضافہ پہلے کبھی نہیں ہوا، حکومت کے پاس تیل کی قیمتیں بڑھانے کا کوئی جواز نہیں، مہنگائی سرکار کے اس عمل کی شدید مذمت کرتے ہیں، حکومت اپنے خلاف احتجاج کو دعوت دے رہی ہے۔ ہوشربا اضافے سے مہنگائی کی سونامی آئی گی،اس اضافے سے ہر پاکستانی متاثر ہوگا۔ وزیراعظم اس کارنامے کی بھی عوام اور پارلیمان کو وضاحت دیں، مہنگائی سرکار کے اس عمل کی شدید مذمت کرتے ہیں، حکومت اپنے خلاف احتجاج کو دعوت دے رہی ہے۔اپوزیشن اعلان کے باوجود پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ایوان میں موثر احتجاج کرسکی اور نہ ہی واک آئوٹ کیا، اپوزیشن نے پیر کو پٹرولیم کی مصنوعات میں اضافے کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا ہے البتہ حکومتی اور اپوزیشن ارکان کی تقاریر میں ’’پیڑول بم‘‘ زیربحث رہا۔ اپوزیشن نے اضافے کو پٹرول مافیا کی طرف سے ایک اور ڈاکے سے تعبیر کیا گیا اور واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ حکومت اتحادی جماعت ایم کیو ایم کی رکن کشور زہرا نے کہا کراچی میں لوڈشیڈنگ اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا جواب حکومت کو دینا پڑے گا ایم کیو ایم رکن صلاح الدین نے کہا حکومت نے واقعی پٹرول بم گرادیا ہے فیصلہ واپس لیا جائے۔ مسلم لیگ ن کے مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے آج پٹرولیم مصنوعات پر احتجاج کرنا تھا لیکن اب پرسوں احتجاج کریں گے۔ قومی اسمبلی اجلاس پیر کی صبح گیارہ تک ملتوی کردیا گیا۔ خرم دستگیر خان نے کہا کہ یہ حکومت از مافیا ہے، منجانب مافیا ہے، برائے مافیا ہے، کل رات مافیا جیت گیا،4 روز آپ سے برداشت نہیں ہوا اور یکم سے پہلے ہی پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ کردیا، اس سے لگتا ہے کہ حکومت کے پاس ریونیو ختم ہو چکا۔
اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی+نیوز رپورٹر+خصوصی نمائندہ) وفاقی وزیر پٹرولیم عمر ایوب خان کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل 112 فیصد مہنگا ہوا، ہم نے صرف 25 فیصد قیمت بڑھائی۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں نرخ ایشیا میں سب سے کم ہیں، تحریک انصاف نے عوام کو تاریخی ریلیف دیا، ن لیگ کے دور میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک ہی ماہ میں 31 فیصد اضافہ ہوا۔ وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں ابھی بھی کم ہیں عمران کی پہلی ترجیح عوام کا فائدہ اور مفاد ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ ہمارا مقابلہ مافیا، ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ ہے ۔ عمر ایوب کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی منڈیوں میں 112 فیصد ہوا ہے ہم نے 25 فیصد بڑھائی ہے ہم نے عوام کو پٹرولیم مصنوعات میں ریلیف دیا۔ معاون خصوصی پٹرولیم ندیم بابر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ 28 فروری کرونا سے پہلے پٹرول کی قیمت 116.60 روپے تھی مئی میں پی ایس او 21 ڈالر فی بیرل کے حساب سے پٹرول خریدا 31 مئی اور جون میں یہ قیمت بڑھ کر 44 ڈالر ہو گئی۔ عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی قیمتیں بڑھ کر دوگنا ہو چکی ہیں ۔وزراء وضاحتیں دینے لگے وزراء کا کہنا کہ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمت اب تک خطے میں سب سے کم ہے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کہنا تھا کہ ابھی ن لیگ کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس سنی بڑی ہمت والے لوگ ہیں کرپشن، پانامہ، منی لانڈرنگ ،جعلی میڈیکل رپورٹس، لاہور میں بیمار اور لندن کی واکس کا دفاع کر لیتے ہیں ہم سے تو 25 روپے تک ڈیفنڈ نہیں ہو رہے ہیں وفاقی وزیر عمر ایوب نے کہا کہ ہم عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے مطابق فیصلے کریں گے۔ عمر ایوب کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ کے دوسری طرف وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو سیاسی رنگ دینا افسوسناک ہے۔ پٹرول کی قیمت بھارت میں 180 روپے ،جاپان 196 ،بنگلہ دیش 174 اور چین میں 198 روپے ہے ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے مشکل وقت میں مشکل فیصلہ لیا جو ملکی معیشت کیلئے ضروری تھا حکومت نے عوامی ریلیف کو مدنظر نظر رکھتے ہوئے سفارش کی گئی قیمتوں سے کم اضافہ کیا ہے۔ یقین رکھیے سینیٹر شبلی فراز نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے ملک میں بھی قیمتیں بڑھانا پڑیں وزیر اطلاعات شبلی فراز کا ٹویٹ میں کہنا تھا کہ اب بھی ملک میں پٹرول کی قیمت خطے سے کم ہے دیگر ممالک کی نسبت کم اضافہ کیا گیا عوام کی فلاح پہلی ترجیح ہے ریلیف دینے کی کوشش کرتے رہے ہیں ان کا مزید کہنا تھا کہ کرونا وباء نے دنیا بھر کی معیشتوں کو متاثر کیا بین الاقوامی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایسا اضافہ نہیں دیکھا اسی وجہ سے قیمتوں میں نظرثانی کرنا پڑی تحریک انصاف کے رہنما و رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کا موجودہ وقت درست نہیں تھا ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر گفتگو نہیں ہوئی تھی اگر کابینہ میں قیمتیں بڑھانے پر گفتگو کر لی جاتی تو اچھی بات ہوتی ۔ بجٹ اجلاس ابھی جاری ہے پاس نہیں ہوا اس لے تھوڑا انتظار کر لیا جاتا علی محمد خان نے کہا کہ قیمتیں اچانک کیوں بڑھائی گئیں اس بارے میں علم نہیں عالمی سطح پر قیمتیں بڑھ رہی ہیں شاید اس لئے یہاں بھی بڑھائی گئیں پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی راجا ریاض نے اپنی ہی حکومت کے خلاف علم بغاوت بلند کر دیا راجا ریاض کے احتجاج پر حکومتی بنچز پر بیٹھے ارکان ہکا بکا رہ گئے قومی اسمبلی اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی راجا ریاض اپنی ہی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف پھٹ پڑے انہوں نے کہا ایک رات میں ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 25 روپے بڑھا دی گئیں انہوں نے یہ شکوہ بھی کیا کہ انہیں حکومتی رکن ہونے کے باوجود ترقیاتی فنڈز نہیں مل رہے پتا نہیں فنڈز کس کو دیئے جا رہے ہیں راجا ریاض نے کہا کہ وہ بھی الیکشن جیت کر آئے ہیں پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی کے احتجاج پر حکومتی بنچز ہکا بکا رہ گئے اور بے بسی سے انہیں دیکھتے رہے۔