دنیا مقبوضہ کشمیر میں بھارتیوں کو غیر قانونی شہریت دینے، اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کا نوٹس لے: شہباز شریف
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی آبادی کا تناسب بدلنے کے معاملے پر عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیاہے۔ شہباز شریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ بھارت غیر قانونی طور پر ہزاروں بھارتیوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں شہریت دے رہا ہے، دنیا بھارت کے غیر قانونی اقدام کا نوٹس لے۔ شہباز شریف نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازش کر رہا ہے۔ واضح رہے بھارت اسرائیل کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب بدلنے کا گھناؤنا کھیل کھیل رہا ہے جس کے تحت مودی سرکار نے 25 ہزار بھارتیوں کو جموں و کشمیر کا ڈومیسائل جاری کر دیا جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔