پشاور میں بھی کرائے بڑھ گئے لاہور کے ٹرانسپورٹرز نے 15فیصد اضافے کا مطالبہ کر دیا
لاہور / پشاور(آئی این پی) پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کے بعد پشاور میں ٹرانسپورٹرز نے از خود کرائے بڑھا دیئے۔ لاہور میں بھی ٹرانسپورٹرز نے پندرہ فیصد کرائے بڑھانے کا مطالبہ کر دیا۔ ٹرانسپورٹرز نے بین الاضلاعی اور صوبائی کرایوں میں پندرہ فیصد اضافہ کر دیا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کا کرایہ ساڑھے تین سو سے بڑھ کر چار سو روپے ہو گیا، اسی طرف ایبٹ آباد اور مانسہرہ کے سمیت دیگر علاقوں کے کرایوں میں بھی پچاس روپے فی سواری اضافہ کیا گیا، کرائے بڑھنے پر عوام نے سخت ناراضی کا اظہار کیا۔ لاہور میں اے سی بسوں کا 15 فیصد جبکہ اے سی بسوں کے کرائے میں 20 فیصد اضافے کا پلان ہے۔ اسلام آباد جانیوالے اب 1200 کی بجائے 1400 روپے کرایہ دینگے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹرز نے پر تولنے شروع کر دیئے ہیں۔