• news

مقبوضہ کشمیر: گھر گھر آپریشن، متعدد گرفتار، مظاہرے: بچے کا قتل انسانیت کی توہین، ملزم کٹہرے میں لائیں: ایمنسٹی انٹرنیشنل

سری نگر (نوائے وقت رپورٹ + کے پی آئی+ اے پی پی) مقبوضہ کشمیر ضلع اسلام آباد میں بھارتی فورسز نے معصوم بچے کو شہید کر دیا تھا۔ اس پر ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ردعمل میں کہا بچے کی شہادت انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل بھارت کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر روی ناش کمار مودی سرکار پر برس پڑے۔ روی ناش کمار نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت بچے کی ہلاکت کی فوری تحقیقات کرائے۔ بچے کی ہلاکت کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانا چاہئے۔ بیان میں کہا گیا کہ شہریوں کا قتل کسی بھی صورت میں جائز نہیں ہوسکتا اوریہ 1949 کے چار جنیوا کنونشنز کے آرٹیکل 3 کی خلاف ورزی ہے۔ ادھر کشمیر کونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید نے بھی برسلز میں جاری ایک بیان میں ضلع اسلام آباد کے علاقے بیج بہارہ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کمسن بچے کے وحشیانہ قتل کی مذمت کی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جموں ریجن کے ضلع پونچھ میں بھارتی فوج نے بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن شروع کردیا ہے، وادی میں بھی بھارتی فوج نے کئی علاقوں کا محاصرے کرکے تلاشی آپریشن شروع کردیا ہے آپریشن کے دوران کئی افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے جبکہ گرفتاریوں کے خلاف لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کئے۔ پلوامہ، ترال اور گردونواح کے علاقوں میں صورتحال کشیدہ ہے۔ لوگوں نے ان گرفتاریوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے جبکہ کئی مقامات پر احتجاجی مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا گیا جبکہ آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی جس سے کئی افراد زخمی ہوگئے۔ ترال اور دیگر علاقوں میں اتوار کو بھی ہڑتال سے روزمرہ زندگی مفلوج ہوکے رہ گئی۔ علاوہ ازیں جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں رام پورہ سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسند توصیف شیخ جو 2018 میں صدام پڈر، ڈاکٹر رفیق اور اپنے دیگر دو ساتھیوں کے ساتھ شوپیاں مقابلے میں شہید ہوئے تھے، تب سے ان کے گھر پر سکیورٹی فورسز کی جانب سے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ توصیف شیخ کے گھر پر گزشتہ دنوں سکیورٹی فورسز کی جانب سے چھاپہ مارا گیا۔ وہ ان کی بہن رفیقہ کو گرفتار کرنے کی غرض سے آئے تھے لیکن رفیقہ سکیورٹی فورسز کو چکمہ دے کر فرار ہو گئی اور ان کی والدہ نسیمہ کو گرفتار کیا گیا۔ عسکریت پسند توصیف شیخ کی والدہ کے خلاف 2018 میں ایک کیس درج کیا گیا تھا اور انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔ کولگام کے آوہٹو علاقے میں ایک موٹر سائیکل حادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں 13 ماہ کا بچہ ہلاک ہوگیا۔ دہلی کے تہاڑ جیل میں محبوس شاہد الاسلام کے گھر والوں نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ اور لیفٹیننٹ گورنر جی سی مرمو سے اپیل کی ہے کہ وہ شاہد کو سرینگر منتقل کریں۔

ای پیپر-دی نیشن