• news

پاکستان سی پیک منصوبوں کی شرائط پر چین کیساتھ دوبارہ مذاکرات چاہتا ہے، فنانشل ٹائمز کا دعویٰ

لندن(نیٹ نیوز) برطانیہ کے معروف اقتصادی جریدے فنانشنل ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت پاکستان چین سے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں کی شرائط پر از سر نو مذاکرات کی کوششیں کر رہی ہے۔ برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق سی پیک منصوبوں پر دوبارہ مذاکرات کا سبب وہ تحقیقاتی رپورٹس بنی ہیں جن میں چینی کمپنیوں کے اشتراک سے بنے بجلی گھروں میں اضافی لاگت اور بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر کی گئی تحقیقات میں یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ پورٹ قاسم الیکٹرک پاورکمپنی اور شین ڈونگ رووی انرجی کے اشتراک سے بنے کول پاورپلانٹ کی لاگت اور قرض کی شرح میں 3 ارب ڈالر اضافی ادائیگی کی جا رہی ہے۔ اخبار کا کہنا ہے کہ پاکستان وقتاً فوقتاً ایسے معاہدوں میں پھنستا رہا ہے جو اس کی معیشت کو نقصان پہنچاتے رہے ہیں۔ فنانشل ٹائمز نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے چین کے دباؤ پر سی پیک منصوبوں میں کرپشن کی تحقیقات روک دی ہیں جس کا ایک مقصد مذاکرات میں زیادہ رعایتیں حاصل کرنا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن