نازک مرحلے پر اپوزیشن کا رویہ افسوسناک، کرپشن کا حساب دینا پڑے گا: عثمان بزدار
لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں صرف اپنی کرپشن بچانے کا ایجنڈا لیکر چل رہی ہیں۔ ملک کی بنیادوں کو کھوکھلاکرنے والے عناصر کو حساب دینا پڑے گا۔ ماضی کے ادوار میں بے حساب کرپشن کو قوم ابھی تک نہیں بھولی۔ سابق دور میں قومی وسائل کی لوٹ مار کرنے والے احتساب سے خوف زدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت پاکستان کی تاریخ کی شفاف ترین حکومت ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے کرونا پر بھی ڈیڑھ انچ کی مسجد بنائی ہوئی ہے۔ انتہائی نازک مرحلے پر اپوزیشن جماعتوں کا منفی رویہ قابل افسوس بھی ہے اور قابل مذمت بھی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کرونا وباء کا پھیلاؤ روکنے کیلئے شدید متاثرہ علاقے سیل کئے گئے ہیں اور پنجاب میں حالیہ پابندیوں پر عملدرآمد کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ شہری گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک لازمی پہنیں۔ انہوں نے کہا کہ کرونا سے شدید متاثرہ علاقوں کو آئندہ بھی سیل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں روزانہ کی بنیاد پر کرونا کے ٹیسٹ کی استعداد کار 12 ہزار ہو گئی ہے۔ لاہور، راولپنڈی، ملتان اور دیگر شہروں کے ہسپتالوں میں ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کروناکی ادویات بلیک کرنیوالے عناصر کیخلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے۔ ادویات یا انجکشن کی قلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے رہنما منفی سیاست کے علمبردار ہیں۔ اپوزیشن رہنماؤں نے کرونا پر قومی یگانگت کو بے پناہ نقصان پہنچایا۔ اپوزیشن نے کرونا جیسی وباء پرقوم میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں کے سینے میں دل ہے نہ دکھی انسانیت کی خدمت کا جذبہ۔ پراپیگنڈا کرنے والے عناصر عوام کو تنہا چھوڑ کر زبانی جمع خرچ پر لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کرونا کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے ساتھ اجتماعی فیصلے کئے۔ عوام کی زندگیوں کی حفاظت اور مریضوں کے علاج معالجے کیلئے وسائل میں کمی نہیں آنے دیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ لیپ ٹاپ کے سامنے بیٹھ کر فوٹو سیشن کرنے والوں نے اپنے دور میں شعبہ صحت کا بیڑا غرق کیا۔ سستی شہرت کے شوقین شوبازیوں میں مصروف رہے اور عوام معیاری علاج کیلئے ترستے رہے۔ انہوں نے کہا کہ پراپیگنڈا کی سیاست اپوزیشن کا وطیرہ ہے۔ منفی سیاست کو پروان چڑھانے والی اپوزیشن کی رہی سہی ساکھ بھی ختم ہو چکی ہے۔ اپوزیشن رہنماؤں کو پوائنٹ سکورنگ چھوڑ کر ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے پہلے دن سے ہی ہیلتھ کیئر سسٹم پر فوکس کیا ہے اور ایسا ہیلتھ سسٹم لایا جا رہا ہے جہاں عام آدمی کو بھی معیاری علاج معالجہ ملے گا۔ علاوہ ازیں سپریم کورٹ کے جسٹس عمر عطا بندیال کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ مرحومہ کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ معروف قانون دان اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ کے انتقال پر اظوار افسوس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اﷲ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔