کرونا تشخیص، علاج کیلئے ایک سال کے دوران 31.8 ارب ڈالر کی ضرورت: عالمی ادارہ صحت
اسلام آباد+ جنیوا (اے پی پی) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی تشخیص ، ویکسین اور علاج کیلئے آئندہ ایک سال کے دوران31.3 ارب ڈالر سے زیادہ کی ضرورت ہے ۔ عالمی ادارہ صحت کے حکام نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی عالمی وبا کے پھیلائو پر قابو پانے ، مریضوں کی تشخیص ، ویکسین اور علاج معالجہ کیلئے آئندہ ایک سال کے دوران 31.3 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔ اس حوالہ سے اب تک 3.4 ارب ڈالر کی فراہمی کے وعدے کئے گئے ہیں۔ آئندہ باہ مہینوں کے دوران مزید 27.9 ارب ڈالر کی ضرورت ہے جس سے 14 ارب ڈالر فوری نوعیت کے اقدامات کیلئے درکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم فنڈز کا مناسب وقت پر انتظام نہ کر سکے تو کرونا کے انسانی اور معاشی نقصانات میں مزید اضافہ کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اس حوالے سے جلد از جلد اقدامات کرنے چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے کم آمدنی والے ممالک میں آئندہ سال کے وسط تک 500 ملین ٹیسٹس اور 245 ملین سے زیادہ افراد کے علاج معالجے کیلئے فنڈز کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عالمی آبادی کا تقریباً 90 فیصد حصہ وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے عالمی برادری اور مخیر اداروں پر زور دیا ہے کہ کرونا وائرس کی عالمی وباء کے نقصانات کو کم سے کم کرنے کیلئے مطلوبہ فنڈز کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے مشترکہ حکمت عملی کے تحت اقدامات کی ضرورت ہے۔ عالمی ادارہ صحت، ڈبلیو ایچ او، کا کہنا ہے کہ اسے کرونا وائرس کی ایک ویکسین کی تیاری اور تقسیم کی دوڑ میں 18 ارب ڈالر کی رقم درکار ہے۔ڈبلیو ایچ او کی چیف سائنسدان سومیا سوامی ناتھن نے سوئٹزر لینڈ کے جنیوا میں ایک نیوز کانفرنس میں دنیا بھر کی حکومتوں سے رقم کی فراہمی کی درخواست کی۔ سوامی ناتھن نے کہا کہ اب تک 2 سو سے زیادہ ویکسین اقسام زیر غور ہیں جن میں سے 15 طبی آزمائش کے مرحلے میں ہیں۔ قابل استعمال ویکسین کی تیاری میں 12 سے 18 ماہ کا وقت لگ سکتا ہے اور یہ صرف دنیا بھر کے سائنسدانوں اور دوا ساز کمپنیوں کے تعاون کی صورت میں ممکن ہو گا۔ آئندہ سال کے اختتام تک 18 ارب 10 کروڑ ڈالر کی ضرورت ہو گی جس میں سے 11 ارب 30 کروڑ ڈالر آئندہ 6 ماہ میں خرچ کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ تب ڈبلیو ایچ او ترقی پذیر ممالک سمیت دنیا بھر میں ویکسین کی 2 ارب خوراکوں کی منصفانہ تقسیم کر سکے گا۔