پی پی ،(ن) لیگ قبل از وقت انتخابات کے نعرے لگا رہے ہیں: ہمایوں اختر
اسلام آباد( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت کی مدت پوری ہونے کے بعد اپنی کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ عوام کے پاس جائیں گے لیکن پیپلز پارٹی اورمسلم لیگ (ن) کے پاس عوام کو دکھانے اور بتانے کیلئے کچھ نہیں ہے ،دونوں جماعتیں اپنے لوگوں کو ساتھ رکھنے کیلئے قبل از وقت انتخابات کے مطالبے کے نعرے لگا رہی ہیں ،نام نہاد تجربہ کار پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) والے بتا دیں کہ ان کے پاس کورونا وائرس کو راتوں رات ختم کرنے اور معیشت کو ٹیک آف کی پوزیشن پر لے جانے کا کیا فارمولہ ہے ؟،عوام کئی دہائیوں تک آزمائی ہوئی جماعتوں کو دوبارہ نہیں آزمائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہارا نہوںنے حلقہ این اے 131اور جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنمائوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں وزیر اعظم عمران خان کی پہلی حکومت ہے جس نے عالمی منڈی میںپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کا مکمل فائدہ عوام تک منتقل کیا جبکہ ماضی میں اعدادوشمار کے ہیر پھیر سے اس فائدے کو اپنی جیبوں میں ڈالا جاتا رہا ہے۔ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں جتنا اضافہ ہوا ہے حکومت نے اس سے کہیں کم قیمتیں بڑھائی ہیںاور آج بھی پاکستان میں پیٹرولیم کی قیمتیں خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں کم ہیں۔ انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف نے مشکل معاشی حالات کے باوجود عوام پر بوجھ ڈالنے سے حتی الامکان گریز کیا ہے ، ہماری اولین ترجیح کورونا وائرس سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ عوام کا روزگار بچانا ہے اور خدا کی ذات سے دعا ہے کہ ہمیں اس وباء سے جلد سے جلد چھٹکارا دے ۔