• news

جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان اور بہاول پور میں یکم جولائی سے فعال ہو گا

رحیم یار خان(احسان الحق سے) وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ دو شہروں ملتان اور بہاولپور میں قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا،مصدقہ ذرائع کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری کا دفتربہاولپور جبکہ ایڈیشل آئی جی پولیس کا دفترملتان میں قائم ہو گا اور یہ دونوں دفاتر یکم جولائی سے فعال ہو جائیں گے۔یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے یکم جولائی سے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان میں قائم کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم بہاولپور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی جن میں ق لیگ سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کے ساتھ ساتھ بہاولپور صوبہ بھی بحال کرنے کی اپیل کی تھی اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان کی بجائے بہاولپور میں قائم کرنے کا مطالبہ کیا تھا مصدقہ ذرائع کے مطابق جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ قائم کرنے بارے وزیر اعظم عمران کو مداخلت کرنا پڑی اور انکی تجویز پر ہی ابتدائی طور پر جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان اور بہاولپور میں قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری کا دفتربہاولپور جبکہ ایڈیشل آئی جی پولیس کا دفتر ملتان میں قائم ہو گا۔ذرائع کے مطابق ان دونوں دفاتر اور ان سے ملحقہ دفاتر کے لئے عمارتوں کو انتخاب کر لیا گیا ہے اور یہ دونوں دفاتر یکم جولائی سے فعال ہو جائیں گے۔مزید معلوم ہو ہے کہ ملتان ،بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان ڈویژنز سے تعلق رکھنے والے شہری یکم جولائی سے اپنے سرکاری مسائل کے حل کے لئے ملتان اور بہاولپور میں قائم سیکرٹریٹ سے رابطہ کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن