• news

عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سازش کیخلاف راست اقدام کرے،شہریارآفریدی

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)چیئرمین خصوصی پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر اور وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار خان آفریدی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں مصنوعی ڈیموگرافک تبدیلیاں لانے کی بھارتی سازش کے خلاف راست اقدام کرے۔ اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری عالمی قوانین، خصوصا چوتھے جینیوا کنوینشن کی خلاف ورزی میں جموں وکشمیر میں مصنوعی ڈیموگرافک تبدیلیاں لانے پر مودی سرکار کے خلاف آواز بلند کرے ۔ اتوار کے روز یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں شہریار آفریدی نے کہا کہ غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل دینے کے کا مقصد مقبوضہ علاقے کی آبادیاتی حیثیت کو تبدیل کرنا ہے کیونکہ غیر کشمیری ہندوستانیوں کو مقبوضہ کشمیر میں شہریت خطے میں مسلمانوں کی اکثریت مصنوعی طریقے سے کم کرنے کے لئے دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ مسئلہ کشمیر پہلے ہی رائے شماری کے لئے اقوامِ متحدہ میں موجود تھا تو جموں وکشمیر میں بندوق کے زور پر کوئی آبادیاتی تبدیلی نہیں لائی جا سکتی۔انہوں نے کہا کہ ہندو فاشسٹ بھارتی حکومت ہندوتوا بالادستی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے کرونا وائرس کی آڑ میں کشمیر کے مسئلے سے بین الاقوامی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔آفریدی نے کہا کہ کشمیر سے متعلق تمام ہندوستانی بیانات غلط ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی اقدامات سے یہ ثابت ہوگیا ہے کہ ہندوستان میں کبھی بھی جمہوریت نہیں تھی۔ یہ جمہوریت کے تصور کو استعمال کرتے ہوئے ایک فاشسٹ نوآبادیاتی ریاست ہے۔ بھارتی فاشسٹ حکومت اب نہ صرف کشمیری مسلمانوں کو اپنے گھروں میں قتل اور قید کررہی ہے بلکہ قوانین میں تبدیلیوں کے زریعے معاشی آبادی سے متعلق اقدامات کے ذریعہ کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کشمیریوں کی اکثریت کا مصنوعی طور پر خاتمہ کیا جارہا ہے، اور ہزاروں میل دور سے غیر کشمیری افراد کو قانونا کشمیری درجہ دینے کیلئے جموں وکشمیر لایا جا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن