بھاشا ڈیم پراجیکٹ کی سکیورٹی: واپڈا‘ گلگت بلتستان سکاؤٹس میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط
لاہور (نیوز رپورٹر) دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ پر ایک اور اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ پراجیکٹ کی سکیورٹی کے لئے گلگت بلتستان سکاؤٹس کا ایک خصوصی ونگ قائم کرنے کے لئے واپڈا اورگلگت بلتستان سکاؤٹس کے درمیان مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط کئے گئے۔ تقریب واپڈا ہاؤس میں منعقد ہوئی۔ جنرل منیجر (ایچ آر ڈی) واپڈا بریگیڈیئر شعیب تقی (ریٹائرڈ) اور ڈائریکٹر جنرل گلگت بلتستان سکاؤٹس بریگیڈیئر ضیاء الرحمن نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔ ممبر (واٹر) واپڈا اور جنرل منیجر دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ عامر بشیر چوہدری اور واپڈا سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کے سینئر آفیسرز بھی موجود تھے۔ دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ ملک کے دور دراز علاقہ میں تعمیر کیا جارہا ہے۔ پراجیکٹ کی بروقت تکمیل کے لئے پراجیکٹ ایریا میں سکیورٹی کے مؤثر اقدامات بہت ضروری ہیں اور اس مقصد کے لئے گلگت بلتستان سکاؤٹس ونگ کا کردار نہایت اہم ہے ۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کا کثیر المقاصد منصوبہ دریائے سندھ پر چلاس سے 40کلو میٹر زیریں جانب تعمیر کیا جارہاہے۔ یہ منصوبہ 2028-29 میں مکمل ہوگا۔