امن و استحکام کو خراب نہیں ہونے دیا جائیگا، دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنائیں گے: جنرل باجوہ
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہم اپنی پرعزم قوم کی حمایت کے ساتھ محنت اور شہدا کی قربانیوں کی بدولت حاصل کئے گئے امن کوعدم استحکام سے دو چار کرنے کے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے پاکستان سٹاک ایکسچینج پر دہشتگردوں کے حملے میں شہادت کا رتبہ پانے والے سکیورٹی گارڈز کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ ملک میں دیرپا امن شہدا کی قربانیوں سے آیا۔ سکیورٹی گارڈز نے اپنی جان قربان کرکے دہشتگردوں کو اندر داخل ہونے سے روکا اور دہشت گردی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنایا۔ دشمن امن کو خراب کرنے کی کوششوں میں ناکام رہے گا۔ آرمی چیف نے مادر وطن کی حفاظت کیلئے ایک بار پھر اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ شہدا کی قربانیوں سے حاصل امن اور استحکام کو خراب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز اور سندھ پولیس نے دہشتگردوں کے خلاف سرعت سے اور موثر و مربوط کارروائی کی جو ہر اعتبار سے لائق تحسین ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کرکے مختصر وقت میں دہشت گردوں کا خاتمہ کیا۔ آرمی چیف نے کہا ہے ہم اپنی پرعزم قوم کی حمایت سے دہشت گردوں کی ان تمام کوششوں کا ناکام بنا دیں گے ۔