• news

پارٹی عہدیداروں کا کام ترجیحی بنیادوں پر ہوگا، ایجنڈا صرف عوام کی خدمت: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے صدر نور خان بھابھہ اور جنرل سیکرٹری علی رضا دریشک کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے متعلقہ امور، سیاسی معاملات اور جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی کے لئے منصوبوں پر پیشرفت پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے مالی سال میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے عوام کے مسائل مقامی سطح پر حل ہوں گے۔ ہم جو کہتے ہیں وہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کو نظر انداز کیا۔ سابق حکمران جنوبی پنجاب صوبے کے نام پر اپنی سیاست چمکاتے رہے۔ سابق دور میں جنوبی پنجاب کے ترقیاتی فنڈز کو ذاتی تشہیر کے منصوبوں پر خرچ کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کے عہدیداران کو پورا احترام ملے گا۔ پارٹی عہدیداران کا ہر جائز کام ترجیحی بنیادوں پر ہوگا۔ پارٹی عہدیداران کی عزت میری عزت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر لمحہ عوام کو بہتر مستقبل دینے کیلئے وقف ہے اور ہمارا ایجنڈا صرف عوام کی خدمت ہے۔آپ سے ملاقاتوں اور مشاورت کا سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رہے گا۔ ملاقات کرنے والے وفد میں تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے نائب صدور میاں فرزند علی، نعیم وڑائچ، سیکرٹری جنرل سہیل خان، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل مصدق شاہ اور دیگر شامل تھے۔ رکن پنجاب اسمبلی سمیع اللہ چوہدری اور گڈ گورننس کمیٹی کے سیکرٹری کرنل (ر) اعجاز حسین منہیس بھی اس موقع پر موجود تھے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے سردار عثمان بزدار نے پنجاب کے ہسپتالوں میں او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹرز مکمل فنکشنل کرنے کے لئے محکمہ صحت سے حتمی پلان طلب کرلیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی ہے کہ محکمہ صحت 10روز کے اندر او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹرز مکمل فنکشنل کرنے کے لئے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹرز مکمل فنکشنل نہ ہونے سے مریضوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹرز مکمل فنکشنل ہونے سے مریضوں کو سہولت ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم اور پنجاب حکومت کے موثر اقدامات سے کرونا کا پھیلاؤ روکنے میں مدد ملی ہے اور صوبے میں کرونا کے کیسز کی تعداد میں کمی ہورہی ہے۔ حوالے سے حتمی پلان مرتب کرنے کے ساتھ عوام کے لئے موثر آگاہی مہم بھی چلائی جائے۔ سردار عثمان بزدار نے کراچی سٹاک ایکسچینج پر فائرنگ اور دستی بم حملے کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ عثمان بزدار نے فائرنگ سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہے۔ دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ بہادر سکیورٹی فورسزنے معیشت کو ضرب لگانے کی مذموم کوشش کو ناکام بنایا اور ہمیں سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہاکہ دشمن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ پاکستانی قوم ہر دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے لئے متحد ہے۔

ای پیپر-دی نیشن