پاک فوج میں پہلی خاتون افسر نگار جوہر کی لیفٹیننٹ جنرل کے عہدہ پر ترقی ، سرجن جنرل تعینات
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) میجر جنرل نگار جوہر کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دیدی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نگار جوہر پہلی خاتون افسر ہیں جنہیں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کو پاکستان آرمی کی پہلی سرجن جنرل تعینات کیا گیا ہے۔ پاک فوج کی افسر میجر جنرل نگار جوہر کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نگار جوہر پاکستان آرمی کی پہلی خاتون افسر ہیں جنہیں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کو سرجن جنرل کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔ یہ اعزاز بھی انہیں حاصل ہوا ہے کہ اس سے قبل اس عہدے پر کوئی خاتون تعینات نہیں ہوئی۔ لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کا تعلق خیبر پی کے میں صوابی کے علاقے پنج پیر سے ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر ستارہ امتیاز ملٹری، آرمی میڈیکل کالج سے فارغ التحصیل ہوئیں، وہ تین دہائیوں سے مسلح افواج میں مختلف اپوائنٹمنس پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔ انہوں نے فیملی میڈیسن میں ایم سی پی ایس کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ وہ پبلک ہیلتھ میں ماسٹر اور ایڈوانس میڈیکل ایڈمنسٹریشن میں ایم ایس سی کی ڈگری رکھتی ہیں۔ وہ ایمرجنسی ہسپتال کے انتظامات بارے نیشنل انسٹرکٹر بھی ہیں۔ وزیراعظم نے ان کی خدمات کے اعتراف میں فاطمہ جناح میڈل سے نوازا۔ انہیں آزادی سے اب تک کسی مسلح افواج کی کمانڈ کرنے والی پہلی خاتون آفیسر کا بھی اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے بطور بریگیڈیئر سی ایم ایچ جہلم کی کمانڈ کی۔ وہ مسلح افواج کے سب سے بڑ ے ہسپتال ایم ایچ راولپنڈی کی کمانڈنٹ ہیں۔