• news

مشکوک پائلٹس‘ فلائٹ افسروں کی جانچ پڑتال رپورٹ دی جائے‘ امارات کا پاکستان کو خط

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) متحدہ عرب امارات کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے ایمریٹس ائیرلائنز میں کام کرنے والے پاکستانی پائلٹس اور فلائٹ آپریشن افسران کے مشکوک لائسنس کی جانچ پڑتال کے لیے پاکستانی حکام کو خط لکھ دیا۔ متحدہ عرب امارات کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 29 جون کو پاکستانی ڈی جی سی اے اے کو خط تحریر کیا ہے۔ خط کے مطابق ایمریٹس ائیرلائن میں کام کرنے والے پاکستانی پائلٹس اور فلائٹ آپریشن افسران کی تصدیق کی جائے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ سی اے اے پاکستان مشکوک اور جعلی لائسنس سے متعلق بھی وضاحت بیان کرے جب کہ 50 پاکستانی پائلٹس اور 4 فلائٹ آپریشن افسران کے لائسنس کی جانچ پڑتال کرکے رپورٹ دی جائے۔ ویتنام نے بھی تمام پاکستانی پائلٹس کو گراؤنڈ کردیا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی فلائٹ مینٹیننس انجینئرز اور فلائٹ آپریشن افسران کو لائسنس کیسے جاری ہوتا ہے، اس کی بھی وضاحت کی جائے کیونکہ فلائٹ سیفٹی کے طور جانچ انتہائی اہم ہے۔ دوسری جانب پاکستانی حکام کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے خط پر کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے۔ ویت نام کے ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ ویت نام کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 27 پاکستانی پائلٹوں کو لائسنس دیا تھا، جن میں سے 12 کام کررہے تھے جب کہ 15 کے معاہدے ختم ہو چکے تھے یا وہ کرونا کے باعث کام نہیں کر رہے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن