سٹاک ایکسچینج دہشتگردی ناکام بنانیوالوں کی دلیری قابل تعریف : آرمی چیف
اسلام آباد+ کراچی (سٹاف رپورٹرز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی سٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کے حملہ کو ناکام بنانے والے پولیس اہلکاروں کی دلیری کی تعریف کی ہے۔ کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں نے عزیز نے گزشتہ روز آرمی چیف کے یہ جذبات پولیس تک پہنچائے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر کراچی نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا جہاں آئی جی سندھ مشتاق مہر نے ان کا خیر مقدم کیا۔ انہوں نے پولیس، رینجرز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ان سکیورٹی گارڈز کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے سٹاک ایکسچینج پر دہشت گردوں کے حملہ کو جرأت و بہادری سے ناکام بنایا۔ انہوں نے ان بہادر پولیس والوں کیلئے آرمی چیف کی ستائش سے انہیں آگاہ کیا۔ کور کمانڈر نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے۔ انہوں نے کراچی سٹاک ایکسچینج میں اس وقت ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کیلئے تعریفی اسناد عطا کیں۔ علاوہ ازیں پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آگئی۔ دہشت گردوں نے سینٹرل زون کے گھر میں رہائش اختیار کی۔ دہشت گردوں کے فون سے بلوچستان اور افغانستان کالز کیں۔ 5 مشکوک افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملے میں ملوث دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے گرد گھیرا تنگ کرنا شروع کردیا۔ دہشت گرد حملے سے 7 روز قبل کراچی آئے اور سینٹرل زون کے گھر میں بطور مہمان رہے۔ دہشت گردوں سے ملنے والے 2 موبائل فونز سے بلوچستان اور افغانستان فون کالز کی گئیں۔ دہشت گردوں نے 16 لاکھ روپے کیش دے کر حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی خریدی۔ دہشت گرد کی اس کارروائی کا ماسٹر مائنڈ کارروائی میں بھی شریک تھا۔ دہشت گرد سلمان سال 2018 میں اندرون سندھ کے ایک ہوٹل میں بھی رکا۔ جہاں اس نے اپنے شناختی کارڈ کی کاپی بھی جمع کرائی تھی۔کائونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ نے ٹیکنیکل بنیاد پر مختلف علاقوں سے 5 افراد کو حراست میں بھی لے لیا ہے۔