• news

مقبوضہ کشمیر: بھارتی ظلم کی انتہا، کمسن نواسے کے سامنے نانا شہید، دنیا بھر کی مذمت

سری نگر (انٹرنیشنل ڈیسک/ نوائے وقت رپورٹ) بھارتی فوج نے ظلم کی انتہا کر دی۔ معصوم نواسے کے سامنے بیدردی سے نانا کو شہید کر دیا۔ ضلع سوپور اور راجوڑی میں سرچ آپریشن کی آڑ میں ایک بار پھر 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے علاقے سوپور اور راجوڑی میں ایک بار بھارتی فورسز نے نام نہاد آپریشن کی آڑ میں 2 نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ ضلع سوپور میں قابض بھارتی فورسز نے ظلم کی انتہا کرتے ہوئے فائرنگ کرکے شہری کو اس کے تین سالہ نواسے کے سامنے بے دردی سے شہید کیا۔ کشمیر میڈیا سروس کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ جون کے مہینے میں بھارتی فورسز نے مختلف سرچ آپریشنز کے دوران دو لڑکوں سمیت 54 کشمیریوں کو شہید کیا اور پرامن مظاہروں کے دوران 29 شہری بھارتی فورسز کی جانب سے فائرنگ‘ چھروں اور آنسو گیس سے زخمی ہوئے۔ 25 گھروں کو لوٹ کر نقصان پہنچایا۔ بھارتی فورسز کی درندگی انتہا کو پہنچ گئی جہاں قابض فوج نے ساٹھ سالہ شخص کو تین سال کے نواسے کے سامنے شہید کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ سو پور میں پیش آیا جہاں قابض بھارتی فورسز نے نواسے کے سامنے نانا کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور بچہ عیاد جہانگیر سہما ہوا نانا کی نعش پر بیٹھ کر روتا اور مدد کو پکارتا رہا۔ اس تصویر اور ویڈیو نے دنیا کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ یہ واقعہ انسانی حقوق کے علمبرداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ جو ایک طویل عرصہ سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ مقتول بشیر احمد خان کے بیٹے کا کہنا ہے کہ ان کے والد سامان لینے کا کہہ کر گھر سے نکلے تھے تو قابض فورسز نے والد کو کار سے اتارکر گولیاں مار دیں۔ سوپور کا واقعہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔ بھارتی فوج کو شدید تنقصد کا سامنا ہے۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان اس واقعہ پر دل گرفتہ ہوگئے اور انہوں نے بھارتی فوج کی سفاکیت کی مذمت کی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے شہریوں نے کہا بھارت نہتے شہریوں کو شہید کرکے الزام پاکستان پر لگا دیتا ہے۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نیم فوجی دستے سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں اور حریت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجہ میں راہ چلتا ایک کشمیری جاں بحق اور ان کا تین سالہ نواسہ محفوظ رہا۔ ایک بھارتی اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔ اہلخانہ کے مطابق بھارتی فوج نے نشانہ بنایا ہے۔ رپورٹ کے مطابق عیاد کو بھارتی اہلکار گاڑی میں بٹھا کر لے گئے اور بسکٹ دلانے کا کہا۔ معصوم ہچکیاں لیکر نانا کو یاد کرتا رہا۔ حریت رہنما میر واعظ عمر فارو نے کہا ہے کہ کشمیری ہندوئوں کو زمین اور عمارتیں فروخت نہ کریں۔ قابض انتظامیہ بھارتی شہریوں کو سرٹیفکیٹ جاری کرنا بند کر دے۔ بھارتیوں کو شہریت دیکر مسلم اکثریت کو اقلیت میں نہ بدلا جائے۔ مسئلہ کشمیر کا حل سہ فریقی مذاکرات ہیں۔ کشمیری حق خود ارادیت سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ بشیر احمد کی اہلیہ نے کہا سکیورٹی اہلکاروں نے تصویر بنانے کی غرض سے نواسے عیاد کو نانا کی نعش پر بٹھائے رکھا۔ اطلاعات کے مطابق عسکریت پسندوں نے بدھ کی صبح سرینگر سے چالیس کلو میٹر دور سو پور میں ایک پولیس پارٹی پر حملہ کیا۔ ان تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک معصوم بچہ اپنے نانا کی خوت سے لت پت لاش پر بیٹھا ہوا ہے جس وقت پولیس نے بچے کو اپنی تحویل میں لیا اس وقت وہ انتہائی خوفزدہ نظر آ رہا ہے۔
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا کردی گئی ہے۔ تین سالہ معصوم فرشتے کے سامنے اس کے نانا کو گولیوں سے بھون ڈالنے کے واقعہ نے دل دہلا دئیے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اس سے بڑی بربریت کا عملی مظاہرہ نہیں کیا جاسکتا۔ یورپی یونین کو تمام صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔ یورپی یونین کو اس تمام صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے۔ یورپی یونین سے مقبوضہ کشمیر پر تشویش اور پاکستان کے غم و غصے کا اظہار کیا۔ پاکستان نے ہر فورم کشمیر میں ہونے والی ظلم و بربریت کو اٹھایا ہے۔ یہ واقعہ ماورائے عدالت قتل کے زمرے میں آتا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ماروائے عدالت قتل کررہا ہے۔ پاکستان اس واقعے کو بھی ہرفورم پر اٹھائے گا۔ بھارت نے ظلم کی انتہا کردی ہے۔ بھارت نے کشمیر میں انٹرنیٹ بند کیا ہوا ہے۔ عالمی میڈیا کو کشمیر میں جانے کی اجازت نہیں۔ بھارت کشمیر میں ہونے والے مظالم کو چھپانے کی کوشش کرتا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظمیں آخر کب تک خاموش رہیں گی۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کو آواز اٹھانا ہوگی۔ کشمیریوں کے لئے آواز اٹھانا انسانی تقاضا ہے۔ دنیا بھر میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد بالخصوص مسلمان ملکوں میں بھارتی فوج کے ظالمانہ اقدام پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اس کی مذمت کی۔ ٹوئٹر پر کشمیر اور کشمیر بلیڈ کے نام سے ٹاپ ٹرینڈ میں ہر مکتبہ فکر کے لوگوں نے بھارت کے اقدام کی مذمت کی۔سو پور کا واقعہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ‘ چینی فوج کے سامنے بھیگی بلی بن جانے والی بھارتی فوج نہتے کشمیریوں پر ہی ظلم کر سکتی ہے‘ تصویر اور ویڈیو نے دنیا کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا‘ ظالمانہ اقدام کی بھرپور مذمت کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن