بلاول سیاست کے نشیب و فراز سے نا آشنا، شہباز شریف کرونا کے پیچھے چھپے ہیں: وزیر اطلاعات
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے ماضی میں کئے گئے اقدامات کے باعث ریلوے، پی آئی اے، سٹیل ملز زوال کا شکار ہے۔ اپوزیشن ملک کو بچانے کے لئے نہیں بلکہ خود کو احتساب سے اور اپنے دور میں کی گئی کرپشن سے بچانے کے لئے اکٹھی ہوئی ہے، مائنس ون اپوزیشن کی ذہنی اختراع ہے، اپوزیشن اپنی کرپشن چھپانے کیلئے اس قسم کے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔ اپوزیشن کو چاہیے کہ اپنے گناہوں کی معافی مانگے اور لوٹی ہوئی رقم واپس لائے۔ بلاول بھٹو کہتے ہیں عمران خان ڈر گیا حالانکہ وہ خود ڈر گئے تھے اوروزیراعظم کی تقریر نہیں سنی، انہیں قوم سے کوئی دلچسپی نہیں، اپنے لیڈروں اور اپنی ذات سے دلچسپی ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اتحادی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، وزیراعظم عمران خان کا اپنا کوئی کاروبار نہیں، عمران خان میرٹ اور شفافیت پر یقین رکھتے ہیں، موٹرسائیکلوں پر آنے والوں نے محل بنا لیے ، ان کے کیسز کا کیا بنا؟ بلاول بھٹو سیاست کے نشیب و فراز سے آشنا نہیں، عمران خان اپنی سیاست کیلئے گلی گلی پھرے، اپوزیشن کے پاس عمران خان کے خلاف کچھ نہیں، وہ صرف اس پر تنقید کرتے ہیں، اپوزیشن کو معلوم ہے کہ اگر عمران خان ان کے راستے سے ہٹ جائے تو ان کے ماضی کی کرپشن کا نہیں پوچھا جائے گا۔ پیپلز پارٹی اداروں سے میرٹ اور شفافیت پریقین نہیں رکھتی ماضی سے پی آئی اے‘ سٹیل ملز میں بے شمار سیاسی بھرتیاں کی گئیں۔ شہباز شریف کرونا کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں۔ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے ملکی ادارے تباہ کئے سابق حکمرانوں نے ذاتی مفاد کو عوامی مفاد پر مقدم رکھا اپوزیشن کرونا سے متعلق بے یقینی کی صورتحال پیدا کر رہی ہے۔ اتحادی جماعتیں حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں۔ بلاول نے اپنی زندگی میں کیا کیا۔ محض وراثت میں سیاست مل گئی اور اب ہمیں سمجھا رہے ہیں۔