شاہ محمود کا یورپی یونین خارجہ امور کے سربراہ کو فون ، پائلٹس کے لائسنس معاملہ پر وضاحت دی
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوریل سے ٹیلیفون پر رابطہ کر کے پی آئی اے کے پائلٹوں کے لائسنسوں کے معاملہ پر انہیں وضاحت پیش کی۔ دفتر خارجہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ یورپی یونین ائیر سیفٹی ایجنسی کی جانب سے پی آئی اے پر عائد کی جانے والی پابندی کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے اپنے یورپی ہم منصب پر واضح کیا کہ حکومت پاکستان مسافروں کی جانوں کے تحفظ اور سفری سہولیات کے بین الاقوامی معیار پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے پی آئی اے میں جامع اصلاحات لا رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے خامیوں پر مبنی رپورٹ کو منظر عام پر لانے کا فیصلہ کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات، کرونا وبا کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال۔ شاہ محمود قریشی نے وزیر خارجہ نے کرونا وبا کے باعث یورپی ممالک میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے یورپی کمیشن کی جانب سے کیے گئے بروقت اقدامات کی تعریف کی اور کرونا وبائی صورتحال کے مضمرات سے نمٹنے کیلئے اور ترقی پذیر ممالک کی معیشتوں کو سہارا دینے کیلئے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے دی جانے والی ڈیٹ ریلیف تجویز کے مندرجات سے اپنے یورپی ہم منصب کو آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے یورپی یونین کی طرف سے وضع کی گئی ہدایات پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرواتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ یورپ آنے والے پاکستانیوں کے ساتھ امتیازی سلوک روا نہیں رکھا جائے گا۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور یورپی یونین اور پاکستان کے مابین طے پانے والے سٹرٹیجک انگیجمنٹ پلان کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ دریں اثناء امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان امن عمل زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی اور خطے کی صورتحال، افغان امن عمل کے حوالے سے خصوصی تبادلہ خیال کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل ایمبیسڈر زلمے خلیل زاد نے کراچی اسٹاک ایکسچینج پر ہونیوالے دہشتگردی کے حملے پر، وزیر خارجہ سے اظہار افسوس کرتے ہوئے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے بروقت کارروائی اور جوانوں کی مثالی جرات کو سراہا۔ شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ افغان امن عمل میں اب تک ہونیوالی پیش رفت، انتہائی حوصلہ افزا ہے۔فریقین کی طرف سے بین الافغان مذاکرات پر آمادگی اور مذاکراتی ٹیموں کا اعلان خوش آئند ہے ان مذاکرات سے افغانستان میں مستقل اور دیرپا امن کی راہ ہموار ہو گی۔افغان امن عمل، اہم مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اس موقع پر ہمیں ان عناصر سے خبردار رہنا ہو گا جو افغانستان میں قیام امن کی کاوشوں کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان کے نمائندہ خصوصی کے ا فغانستان محمد صادق بھی موجود تھے۔