• news

20 کلو آٹے کا تھیلا 200 روپے سستا ملے گا، معاشی مشکلات کے باوجود عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت کابینہ کا32واں اجلاس ہوا ۔ پنجاب کابینہ نے مارکیٹ میں آٹے کی قیمتوں میں کمی کے لئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے فلور ملوں کو گندم کے اجراء کے حوالے سے عبوری پالیسی 2020-21ء کی منظوری دی۔ سرکاری گندم کے اجراء سے مارکیٹ میں 20کلو کا آٹا تھیلا 1050روپے سے کم ہوکر850روپے پر دستیاب ہوگا۔ پنجاب کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ فلور ملوں کو 1475 روپے فی من کے حساب سے گندم فراہم کی جائے گی۔ گندم کی عبوری پالیسی دو ماہ کے لئے ہوگی۔ محکمہ خوراک پنجاب صرف فنکشنل فلور ملوں کو سرکاری گندم کا کوٹہ دے گا۔ عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کیلئے سرکاری گندم دو ماہ قبل فلور ملوں کو ریلیز کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ سرکاری گندم کے اجراء کی عبور ی پالیسی کی کڑی مانیٹرنگ ہوگی۔ پنجاب کابینہ نے محکمہ خوراک سے ٹارگٹڈ سبسڈی کیلئے جامع پلان طلب کرلیا۔ محکمہ خوراک 30روز میں حتمی سفارشات پیش کرے گا۔ اجلاس میں پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد اشرف طاہر کے کنٹریکٹ میں ایک سال کی توسیع کی منظوری دی گئی اور پنجاب کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن ایکٹ 2014ء میں ترمیم کا ڈرافٹ بل منظور کیا گیا۔ اجلاس میں محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کے زیر انتظام سرکاری یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کی تقرری کیلئے سرچ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی گئی۔ Punjab Infectious Diseasesآرڈیننس 2020 ء پر موثر عملدرآمد کے لئے ترامیم کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے پنجاب اربن ان مووایبل پراپرٹی ٹیکس رولز 1958ء میں ترامیم ملتان میں ٹائم انسٹی ٹیوٹ کے قیام کیلئے ایکٹ پنجاب اسمبلی میں پیش کرنے کی منظوری دی گئی۔ پنجاب کابینہ نے کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 13 مئی 2020ء کو بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام 2020-21ء کے بارے میں منعقد ہونے والے خصوصی اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی ۔ عثمان بزدار نے کہا کہ معاشی مشکلات کے باوجود عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں ۔صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔پوری ٹیم محنت کے ساتھ کام کررہی ہے ۔ عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ضروری اقدام کیا جائے گا۔ عثمان بزدار نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے معصوم نواسے کے سامنے نانا کو گولی مارنے کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارتی فوج نے پوری انسانیت کے سینے میں گولی ماری ہے۔ ایسی درندگی اور بربریت کا کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا۔ یہ دلخراش واقعہ عالمی برادری کی آنکھیں کھول دینے کیلئے کافی ہے اور اقوام عالم کو اس بربریت کا نوٹس لینا چاہیئے۔ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت نے تعمیراتی شعبہ کے فروغ کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں۔ ای گورننس پر مبنی محکمانہ اصلاحات کے ذریعے تعمیراتی شعبہ سے متعلقہ این او سی کا اجراء آسان بنا دیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ تعمیراتی شعبے سے متعلقہ این او سی اب ای خدمت مراکز سے ون ونڈ کے ذریعے حاصل کئے جا سکیں گے۔نجی، کمرشل یا صنعتی تعمیرات کیلئے اجازت ناموں/این او سی کے حصول کیلئے اب برسوں انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔این او سی کا اجراء آئندہ مقرر کردہ مدت میں چند ہفتے میں ہوگا۔ نقشوں کی منظوری، تکمیل تعمیر سر ٹیفکیٹ، جگہ کے استعمال میں تبدیلی کا این او سی یا نجی رہائشی کالونیوں کی منظوری سے متعلقہ اجازت نامے نئے شیڈول کے تحت ملیں گے۔ پہلے مرحلے میں پنجاب کے 9 ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں قائم ای خدمت مراکز میں ان سروسز کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ عثمان بزدار سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں حلقوں کے مسائل، فلاح عامہ کے منصوبوں اور ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ منتخب نمائندوں نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ عثمان بزدار نے فرداً فرداً اراکین پنجاب اسمبلی کی تجاویز کو نوٹ کیا اور مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شور مچانے والے عناصر پیچھے رہ گئے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان آگے کی جانب بڑھ رہا ہے۔ تنقید کی پروا کئے بغیر عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھیں گے۔ عوامی نمائندوں کی عزت میں کمی نہیں آنے دیں گے۔ منتخب نمائندوں کے جائز کام ہر صورت ہوں گے اور کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں میاں جلیل احمد شرقپوری، چوہدری اشرف علی، محمد غیاث الدین، اظہر عباس، غضنفر علی خان، محمد فیصل خان نیازی، نشاط احمد خان ڈاھا اور دیگر شامل تھے۔ چیف وہپ رکن پنجاب اسمبلی سید عباس علی شاہ اور طاہر بشیر چیمہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن