مسلسل نقصان، پی ٹی ڈی سی شمالی آپریشن بند، 400 ملازم فارغ کرنے کا فیصلہ، متاثرین کا احتجاج
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان ٹورزم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) نے آپریشنز بند کرنے اور ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ پی ٹی ڈی سی نے اپنا شمالی آپریشن بند کرنے اور ملازمین کو فارغ کرنے کانوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ جس کے مطابق آپریشن بندکرنے، ملازمین کو نکالنے کا فیصلہ مسلسل مالی نقصان کے باعث کیا گیا۔ فارغ شدہ ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ منیجرز سے اپنے واجبات وصول کر لیں۔ دوسری جانب ملازمین اس اقدام پر سراپا احتجاج ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی ڈی سی نے انہیں بغیر واجبات ادائیگی نوکری سے نکال دیا۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 30 سے زائد پی ٹی ڈی سی موٹلز بند کر دیے گئے ہیں۔ پی ٹی ڈی سی نے ایک جھٹکے میں 400 ملازمین کو نوکری سے نکال دیا۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ فارغ شدہ ملازمین کی اکثریت گزشتہ 20سال سے پی ٹی ڈی سی کے ساتھ وابستہ تھی۔ موٹلز کے علاوہ فلیش مین ہوٹل اور پاک ٹورز کو بھی بند کردیا گیا ہے۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ عدالت نے پی ٹی ڈی سی ملازمین کی نوکریوں سے فراغت پر سٹے دے رکھا ہے۔