• news

بحریہ خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے: نیول چیف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاک بحریہ جنگی تیاری، نظریاتی دائرہ کارکی حفاظت اور پاکستان کے بحری مفاد کے تخفظ کے لیے میری ٹائم سیکٹرکی ترویج کے ذریعے تمام روایتی و غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے پاکستان نیوی وارکالج لاہور کے دورہ کے موقع پر 49ویں نیوی سٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ ان کی آمد پر کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج ریئر ایڈمرل محمد زبیر شفیق نے ان کا استقبال کیا۔کورس سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول سٹاف نے جنوبی ایشیا کے سکیورٹی معاملات کے تناظر میں بدلتے ہوئے سٹرٹیجک ماحول اور بحری سکیورٹی چیلینجزکا ذکر کیا۔ امیر البحر نے پاک بحریہ کو ایک مضبوط بحری قوت بنانے کے لیے مختلف دفاعی منصوبوں کا ذکر کیا جو ان وژن کا حصہ ہیں۔ چیف آف دی نیول سٹاف نے کورس کے شرکاء کو مشورہ دیا کہ وہ بحری سرحدوں کی حفاظت کرنے کے اپنے مقدس مقصد کے حصول میں پاک بحریہ کی بنیادی اقدار یعنی ایمان کی مضبوطی، کردارکی پختگی، بہادری اور استقامت سے کام لیں اور اس سلسلے میں اسلامی اقدار اور نظریہ پاکستان سے تحریک حاصل کریں۔ قبل ازیں، کورس کے شرکاء نے ہندتوا نظریے اور بھارت اور پاکستان کے مسلمانوں پر اس کے اثرات کے موضوع پر تحقیقی مقالہ پیش کیا۔ امیر البحر نے کورس کے شرکاء کی پیشہ وارانہ صلاحیتیں بڑھانے اور انھیں بہترین تعلیمی معیار فراہم کرنے پر پاکستان نیوی وار کالج کی کاوشوں کو سراہا۔ پاکستان نیوی وار کالج پاک بحریہ کا صفِ اول کا تربیتی ادارہ ہے جہاں پاک بحریہ، دیگرمسلح افواج اور دوست ممالک کی افواج کے افسران کو مستقبل میں اہم کمانڈ اور اسٹاف تعیناتیوں کے لیے پیشہ وارانہ اور دفاعی تربیت فراہم کی جاتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن