• news

صدر کی زیر صدارت اجلاس :شہر سے باہر مویشی منڈیاں لگانے پر اتفاق ہوگیا: مفتی منیب

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ+نوائے وقت رپورٹ) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے عید الاضحیٰ کے دوران کرونا وائرس سے محفوظ رہنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر موثر عمل درآمد کیلئے حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ صدر نے تمام سٹیک ہولڈرز پر زور دیا ہے کہ وہ کرونا وائرس سے بچائو کیلئے عید الاضحیٰ کے تہوار پر آگاہی اور شعور کو فروغ دیں۔ صدر گذشتہ روز ایوان صدر میں عید الاضحیٰ کے موقع پر کرونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ، وزیر مذہبی امور نور الحق قادری اور اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین قبلہ ایاز نے شرکت کی ۔ صدر نے عید الاضحیٰ پر عوام کو اجتماعی قربانی کرنے کی تلقین کی۔ صدر نے عید الاضحیٰ کے دوران میڈیا ،علماء اور سیاسی و سماجی کارکنوں کو کرونا کیخلاف مہم میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے کہا۔ دریں اثناء علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے صدر علوی سے ملاقات کر کے انہیں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ صدر نے وائس چانسلر سے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کو ملک میں معیاری تعلیم فراہم کرنے کیلئے کام کرنا چاہیے کیونکہ تعلیم ہی ملک کی معاشی ترقی کی بنیاد ہے۔ مفتی منیب نے کہا قربانی ایک عبادت ، شہر سے باہر مویشی منڈیاں لگانے پر اتفاق ہو گیا،عوام اجتماعی قربانی میں حصہ ڈالنے کو ترجیح دیں اور ایس او پیز پر عملدرآمد سب کی ذمہ داری ہے، چار دیواری اور میدانوں میں منڈیاں لگائیں،مویشی خریدنے کے لئے زیادہ لوگ نہ نکلیں،منڈیوں میں جراثیم کش سپرے کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن