حکومت مدت پوری کرے‘ 57 فیصد: نئے الیکشن ضروری: 29 فیصد شہریوں کی رائے
لاہور +اسلام آباد(آن لائن+نمائندہ نوائے وقت) الیکشن کے بعد پہلی مرتبہ عوامی پسندیدگی میں مسلم لیگ (ن) تحریک انصاف سے آگے نکل گئی ہے، اکثریت نے ملک کو موجودہ مشکل حالات سے نکالنے کیلئے شہباز شریف پر اعتماد کا اظہار کر دیا۔ انسٹی ٹیوٹ فار پبلک اوپینیئن ریسرچ کے سروے کے مطابق 27 فیصد پاکستانیوں نے آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے کا ارادہ ظاہر کر دیا اور 24 فیصد افراد تحریک انصاف کے حامی ہیں جبکہ 11 فیصد نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دینے کے حق میں رائے دی ہے۔ سروے میں شریک افراد میں سے 23 فیصد پاکستانیوں نے بے روزگاری کو ملک کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا جبکہ 21 فیصد پاکستانیوں کا خیال ہے کہ مہنگائی نے ملک کو کھوکھلا کر دیا ہے اور ملک سے مہنگائی کا خاتمہ سے ہی مسائل حل ہوں گے،14 فیصد نے کرونا وائرس اور11 فیصد نے کاروبار میں کمی کو ملک کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا۔ سروے میں نئے مالی سال کے بجٹ کو اکثریت نے مسترد کر دیا، 52 فیصد پاکستانی حکومتی بجٹ سے مایوس نظر آئے اور صرف 21 فیصد افراد مطمئن نظر آئے، 57 فیصد پاکستانی چاہتے ہیں کہ تحریک انصاف کی حکومت اپنی مدت پوری کرے جبکہ 29 فیصد افراد کا خیال ہے کہ اس وقت ملک کے تمام ادارے تباہی کے دہانے پر ہیں، موجودہ تمام مسائل کال حل صرف اور صرف الیکشن ہیں۔ موجودہ حکومت جتنی دیر اقتدار سے لپٹی رہے گی مزید مسائل بڑھتے جائیں گے۔ سروے میں 27 فیصد کا خیال ہے کہ ملکی مسائل شہباز شریف حل کر سکتے ہیں اور ان کو ضرور موقع ملنا چاہیے اور 22 فیصد کا خیال ہے کہ پاکستان کے مسائل عمران خان حل کر سکتے ہیں۔52فیصد شہریوں نے وزیراعظم کے سمارٹ لاک ڈائون کے فیصلے کی حمایت کی ہے۔ سروے کے مطابق 63فیصد شہری سمارٹ لاک ڈائون کے حامی ہیں اور 21فیصد شہری مکمل لاک ڈائون کی حمایت کرتے ہیں۔ سروے میں 54فیصد مردوں اور 46فیصد خواتین سے رائے لی گئی تھی۔ 33فیصد شہریوں کا کہنا ہے کہ کرونا پھیلنے کی سب سے بڑی وجہ بے احتیاطی ہے جبکہ 11فیصد کا خیال تھا کہ کرونا پھیلنے کی وجہ سخت لاک ڈائون نہ ہونا ہے، 9 فیصد کے نزدیک حکومت کی کمزور پالیسی کی وجہ سے کرونا پھیلا اور مزید 9 فیصد کا کہنا تھا کہ کرونا ایس او پیز کی پابندی نہ کرنے سے پھیلا۔ 67فیصد پاکستانیوں نے کہا ہے کہ وہ کرونا سے بچائو کے لیے خود کو اور اپنے اہل خانہ کو ویکسین لگانے کے لیے تیار ہیں جب کہ 19فیصد نے ویکسین کے لیے رضا مندی ظاہر نہیں کی۔