مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم قابل مذمت، جعلی خبروں سے حقائق مسخ نہیں کئے جا سکتے: پاکستان
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ شہریوں پر قابض بھارتی فوج کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونکی جا سکتی۔ بھارت جعلی خبروں اور اپنی پروپیگنڈا مہم کو تیز کرکے حقائق مسخ نہیں کرسکتا۔ دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ قابض بھارتی فوج کے ظلم اور غیر انسانی طرز عمل پر مبنی بھارتی جارحیت کی تصاویر گزشتہ روز دنیا بھر میں منظر عام پر آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوپور میں تین سالہ بچے کی دلخراش تصاویر ان لوگوں کے تصور میں ہمیشہ رہیں گی جو انسانیت، انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں پر یقین رکھتے ہیں۔ بھارتی سکیورٹی فورسز کی طرف سے کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزیاں بھی مسلسل جاری ہیں۔ پاکستان نے جموں و کشمیر میں ڈومیسائل کے اجرا کو بھی یکسر مسترد کیا ہے۔ بھارتی حکام نے 25 ہزار بھارتی باشندوں کو یہ ڈومیسائل جاری کئے ہیں۔ کشمیری عوام نے بھی جعلی ڈومیسائل سرٹیفکیٹس مسترد کردئیے ہیں۔