• news

فرینڈز آف خان کی رخصتی قریب، مائنس پی ٹی آئی ہونیوالا ہے، مسلم لیگ ن

اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی+نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے دعویٰ کیا ہے کہ ’’فرینڈز آف خان‘‘ کی رخصتی قریب، یہ ملکی تاریخ کی کرپٹ ترین حکومت ہے، مائنس ون نہیں بلکہ مائنس پی ٹی آئی ہونے والا ہے۔ پارلیمنٹ لاجز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہ وزیراعظم اپنی انا کی وجہ سے پاکستان کی بدنامی کر رہے ہیں۔ اپوزیشن نہیں بلکہ حکمران خود کو اپنے کارناموں کی وجہ سے مائنس کر رہے ہیں۔ ہوائی قسم کے حکمرانوں نے تباہی کی، اب ان کے جانے کا وقت آ گیا ہے۔ حکومتی کارکردگی نے ہر ادارے پر سوال کھڑا کر دیا ہے۔ طیارہ حادثے کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی۔ کیا یہ حکمران پاکستان کے دوست ہیں؟۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ گلگت بلتستان میں افسروں کو سیاسی رشوتیں دی جا رہی ہیں۔ دھاندلی کی اجازت نہیں دیں گے۔ شفاف الیکشن کرائے جائیں۔ ہم کسی قسم کا تنازعہ افورڈ نہیں کر سکتے۔ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ روز پیش آنے والے دلخراش واقعے پر بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ تین سالہ بچے کے سامنے اس کے نانا کو بھارتی فوج نے شہید کیا۔ اس تصویر نے پوری دنیا کو ہلا کے رکھ دیا ہے۔ لیگی رہنما نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کو ایک سال پورا ہونے کو ہے لیکن ہماری حکومت تقریروں کے سوا کچھ نہیں کر سکی۔ کشمیر میں ہر روز ننھے بچوں کے سامنے ان کے والدین کو شہید کیا جا رہا ہے لیکن ہماری حکومت نے ایک سال ضائع کردیا۔ میں مطالبہ کرتا ہوں کہ کشمیر کے معاملے پر قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے۔ اس موقع پر وزیراعظم کو امریکی، برطانوی صدور اور تمام سلامتی کونسل کے ارکان کو فون کرکے اس تصویر پر بات کرنی چاہئے تھی۔ کشمیر پر قوم وزیراعظم کا گناہ معاف نہیں کرے گی۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ووٹ ضمیر کی آواز ہوتی ہے۔ اگر کسی نے اپنا ضمیر بیچا تو اللہ کے سامنے جوابدہ ہوگا۔ پی آئی اے کی بیرون ممالک فلائٹس کی پابندی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لائسنس حکومت نہیں بلکہ سول ایوی ایشن جاری کرتی ہے۔ یہ 262 پائلٹس کے روزگار اور پاکستان کی عزت کا مسئلہ ہے۔ پائلٹ کے مسئلے پر پریس کانفرنس میں حقائق پیش کرونگا۔ چینی سکینڈل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پرانے ٹینڈر پر جا کر 8 ہزار 300 روپے فی ٹن کے حساب سے زیادہ پیسے دے کر چینی لی گئی۔ سپریم کورٹ اس کا سوموٹو نوٹس لے، ہم بھی پٹیشن فائل کریں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت کے کرپشن کے اتنے باب ہیں کہ ختم ہی نہیں ہونگے۔ اکیس مہینے سے پاکستان میں چینی کا مسئلہ چل رہا ہے۔ چینی پچاسی روپے میں بک رہی ہے اور حکومت کو پروا نہیں، کمیشن کا کام تھا یہ دیکھنا کہ چینی کیوں مہنگی ہوئی؟ وہ کمیشن نے نہیں کیا۔ یہ پاکستانی تاریخ کی سب سے کرپٹ حکومت ہے۔ یوٹیلٹی سٹورز میں عمران خان نے دیگر محکموں کی طرح اپنے دوستوں کو لگایا ہوا ہے۔ یہ حکومت جائے گی تو پتا چلے گا کہ کس قماش کے لوگ بیٹھے تھے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت جلد جانے والی ہے‘ یہ جب جائیں گے تو حقیقت معلوم ہوگی۔ شوگر ملز کی جانب سے سستی چینی کی پیش کش کے باوجود یوٹیلٹی سٹورز کے لئے مہنگی چینی خرید کر پچاس کروڑ کا ڈاکہ ڈالا گیا۔ یوٹیلٹی سٹورز کا سربراہ عمران خان کا دوست ہے۔ یہ یار دوستوں کی حکومت ہے۔ چینی مہنگی کیوں ہوئی اور اس کا ذمے دار کون ہے اس کا جواب چینی انکوائری کمیشن بھی نہ دے پایا۔ احسن اقبال نے کہا کہ بھارت کو سلامتی کونسل کارکن منتخب ہونے میں بھی کلین چٹ دی گئی۔ احسن اقبال نے کہا کہ کشمیر میں ہر روز ننھے بچوں کے سامنے ان کے والدین کو شہید کیا جا رہا ہے۔ جی بی میں آزاد‘ شفاف اور غیرجانبدار الیکشن کرائے جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن