ماں
عورت کب ماں جیسی لگنا شرو ع ہو جاتی ہے؟ جب وہ تھوڑا زیادہ سوچنا شروع کر دیتی ہے…جب پلیٹ میں ضائع کی گئی دال اور گلاس میں چھوڑا گیا دودھ اسے تکلیف دینے لگتا ہے۔ جب گھر میں کہیں سے کوئی بھی برتن ٹوٹنے کی آواز آئے تو وہ بھاگ کر حساب لینے پہنچ جائے کہ کس کی غلطی تھی۔ وہ جب بے خیالی سے خیال تک کا سفر طے کر لے…رات کو سونے سے پہلے دیکھ لے کہ سب کے کمروں کی لائٹ بند ہوئی یا کوئی ابھی بھی نیند سے لڑتے ہوئے جاگنے کی کوشش کر رہا ہے اور کیوں؟…کوئی بے چین ہے تو کیوں؟ کوئی اداس ہے تو کیوں؟…وہ جب زبردستی جپ چاپ رہنے کی وجہ پوچھنے لگتی ہے…اور سخت لہجے میں جواب سننے کے بعد بھی سوالیہ نظروں سے آپ کی طرف دیکھتی رہتی ہے۔ اس وقت ہاں بالکل اسی وقت وہ ماں جیسی دکھنے لگتی ہے۔
٭…٭…٭