• news

جنوبی پنجاب صوبہ ہماری حکومت بنائے گی، ٹھکرائے ہوئے سیاستدان سیاست بچانے میں مصروف ہیں: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ قوم کے ٹھکرائے ہوئے سیاستدان سیاست بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ مسترد شدہ سیاست دانوں کا کوئی مستقبل ہے اور نہ آئندہ ہوگا۔ تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصر پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں اور اپنی لوٹ مار کا حساب دیں اور ان عناصر نے اپنے دور میں کرپشن کے عالمی ریکارڈ قائم کئے۔ پاکستان کے باشعور عوام کرپشن زدہ سیاست دانوں کو مسترد کر چکے ہیں۔ عوام ان عناصر کی لوٹ مار بھولے ہیں نہ ان کے کرپشن آلود چہروں کو۔ عمران خان کی قیادت میں ہر مافیا کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہیں گے۔ ارکان اسمبلی میرے ساتھی ہیں، انہیں ساتھ لے کر چلوں گا۔ ارکان اسمبلی کے حلقوں میں ان کی مشاورت سے فلاح عامہ کے کام ہوں گے۔ سردار عثمان بزدار سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ چیف وہیپ قومی اسمبلی ملک محمد عامر ڈوگرنے بھی ملاقات کی اور جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے لئے افسروں کی تعیناتی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عثمان بزدار نے کہاکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری او رایڈیشنل آئی جی ملتان اور بہاولپور میں فرائض سرانجام دیں گے۔ جنوبی پنجاب کے لئے تعینات افسروں کو مالی اور انتظامی خود مختاری دی جائے گی۔ جنوبی پنجاب تیزی سے ترقی کی منازل طے کرنے کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے۔ جنوبی پنجاب سمیت صوبے کے پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ شہروں کے برابر لائیں گے۔ جنوبی پنجاب صوبہ بن کررہے گا اور عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی حکومت بنائے گی۔ علاوہ ازیں گجرات جیل میں ہنگامہ آرائی پر وزیراعلیٰ کی ہدایت پر وارڈن سمیت 9جیل اہلکار معطل کر دیئے اور مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے جیلوں میں فوری طو رپر شکایات بکس رکھوانے کی ہدایت کی ہے اور محکمہ جیل خانہ جات کے کرپٹ افسروں اور اہلکاروں کی فہرستیں بنانے کا حکم بھی دیا۔ عثمان بزدار نے سپیشل برانچ کو جیل کے اندر جا کر حالات کا جائزہ لینے اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ جیلوں میں ظلم و زیادتی کرنے والوں کو نشانہ عبرت بنا دیں گے۔ بے بس اور بے کس قیدیوں پر ظلم کرنے والوں کو دنیامیں اور آخرت میں بھی حساب دینا ہوگا-عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی عمر تنویر بٹ نے ملاقات کی-عمر تنویر بٹ نے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے چیف منسٹر فنڈ برائے کرونا کنٹرول کیلئے 9لاکھ روپے کا چیک وزیراعلی کو پیش کیا۔ عثمان بزدار نے کہاکہ کرونا وباء کے باعث کمزور طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے ۔ متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد ہماری اخلاقی، قومی اور مذہبی ذمہ داری ہے ۔سردار عثمان بزدار رات گئے داتا دربارگنج بخشؒ کے قریب پناہ گاہ میں اچانک پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ پناہ گاہ میں مقیم مسافروں سے گھل مل گئے اور انکی خیریت دریافت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وزیر آباد سے آنے والے معذور بزرگ شہری کا مسئلہ ڈی سی لاہور کو فوری طورپر حل کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ نے سوات اور مردان سے آنے والے مسافروں سے استفسار کیا کہ پناہ گاہ میں آپ کو کوئی مسئلہ تو نہیں۔ وزیراعلیٰ نے کبیر والا سے آئے ہوئے نوجوان کو یقین دہانی کرائی کہ ’’آپ کا مسئلہ حل کرنا میرا فرض ہے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار رات گئے سپیشل برانچ کے ہیڈ آفس گئے۔ وزیراعلیٰ کے دورے سے متعلقہ حکام بھی بے خبر تھے۔ وزیراعلیٰ نے سپیشل برانچ کے مختلف شعبوںکا معائنہ کیا۔ ڈیوٹی پر موجود افسروں سے ان کے فرائض کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلیٰ نے سپیشل برانچ کے مانیٹرنگ روم، کانفرنس روم اور سروئیر روم کا معائنہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن