ملکی سلامتی، خودمختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کرینگے: قومی قیادت
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پڑوسیوں کے ساتھ پر امن بقائے باہمی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی واضح کیا گیا کہ پاکستان ہر قیمت پر اپنی خود مختاری کیلئے پرعزم ہے اور دفاع وطن کی استعداد بھی رکھتا ہے۔ سرکاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں وزیر دفاع پرویز خٹک، چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی، ائر چیف مارشل مجاہد انور خان اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کے علاوہ متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ قومی قیادت کے اجلاس میں ملک کی اندرونی اور بیرونی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا اور اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن چاہتا ہے لیکن اپنی سالمیت کے دفاع کی بھی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ عوام اور ملکی سرحدوں کی سلامتی کیلئے پرعزم ہیں۔ اجلاس کے شرکاء نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ صورتحال کا نوٹس لے۔ اعلی سطح اجلاس میں پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز اور اور قانونی نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔