• news

ملکی معیشت تباہ کرنیوالوں کے اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز نہیں: فضل الرحمن

ملتان ( سماجی رپورٹر) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ملک کو معاشی طور پر تباہ کرنے والی حکومت کا کوئی جواز باقی نہیں رہا - دھاندلی کی بنیاد پر اقتدار میں آنے والے حکمرانوں کے اقتدار میں رہنے سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا - مولانا فضل الرحمن نے گزشتہ روز مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مولانا سید عطاء المھیمن بخاری سے ملاقات کر کے ان کی عیادت کی - بعد ازاں نائب امیر مجلس احرار سید محمد کفیل بخاری اور دیگر احرار رہنماوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا - انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کا انحصار اس کی معیشت کی ترقی میں ہوتا ہے لیکن موجودہ حکمرانوں نے پاکستان کو قرضوں کی دلدل میں دھنسا کر دنیا میں بھکاری بنادیا ہے - موجودہ بجٹ عوام دشمن اور غریب کش ہے - عوام نے حالیہ بجٹ مسترد کر دیا ہے - انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ حکمران مذید بر سر اقتدار رہے تو معاشی طور پر ملک کا دیوالیہ نکال دیں گے - مولانا فضل الرحمن نے اسلام آباد میں سرکاری خرچ پر مندر تعمیر کرنے کے حوالے سے کہا کہ اس مسئلے پر اسلامی نظریاتی کونسل سے رائے لینی چاہیے - اگر چند مخصوص لوگوں کے فیصلے کو قوم پر مسلط کیا گیا تو اس سے انتشار پیدا ہو گا - اس ملاقات میں جے یو آئی کے پارلیمانی لیڈر مفتی اسعد محمود ، شیخ الحدیث مولانا محمد اکبر ، مفتی عامر محمود ، مجلس احرار اسلام کے مرکزی رہنما مولانا سید عطاء المنان بخاری اور فرحان حقانی بھی موجود تھے ۔

ای پیپر-دی نیشن