• news

تنخواہیں نہ بڑھنے پر ملازمین کی 3 تنظیموں کا آج مشترکہ اجلاس طلب

لاہور (سٹاف رپورٹر)آج ڈی پی آئی آفس لاہور میں بجٹ 2020 میں مہنگائی کے تناسب سے تنخواہیں نہ بڑھانے اور تنخواہوں میں غیر قانونی طبقاتی نظام قائم کرنے کے خلاف سرکاری ملازمین کی تین بڑی تنظیموں کا مشترکہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مطالبات کی منظوری کے لئے مشترکہ جدوجہد کرنے پر اتفاق اور " گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس" تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ابتداء طور پر حکومت کو ایک میمورنڈم پیش کیاگیا ہے جس پر آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) کے سیکریٹری جنرل خالد جاوید سنگھیرا،تحریک اساتذہ پنجاب کی طرف سے نامزد صدر پی پی ایل اے ڈاکٹر طارق کلیم اور سکول ڈیپارٹمنٹ کی آٹھ تنظیموں کے مشترکہ فورم متحدہ محاذ اساتذہ پنجاب کے چیئرمین حافظ عبدالناصر نے دستخط کئے ہیں۔ میمورنڈم میں مطالبات کی منظوری کے لئے حکومت کو کل 5 جولائی کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے اور گرینڈ الائنس کا اہم ترین اجلاس آج 4 جولائی کو ملتان میں طلب کر لیا گیا ہے جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائیگاملتان اجلاس میں وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرے سمیت پنجاب کے ڈویژنل اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز تک مؤثر احتجاجی حکمت عملی کا پروگرام تشکیل دیا جا ئے گا۔اجلاس میں ایپکا کے مرکزی صدر ظفر علی خان نے بھی شرکت کی۔تحریک اساتذہ پنجاب کی نمائندگی ڈاکٹر طارق کلیم،ڈاکٹر ریاض محبوب،پروفیسر مجیب الاسلام،پروفیسر رانا ناہر، پروفیسر کاشف بن سعید، ڈاکٹر غلام عباس راں اور پروفیسر ساجد حمید نے کی۔

ای پیپر-دی نیشن