انسانی حقوق تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر آنکھیں بند کئے ہوئے ہیں‘ سراج الحق‘ قاری زوار
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماء پاکستان کے وفد نے علامہ قاری محمد زوار بہادر کی قیادت میں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سے منصورہ میں ملاقات کی وفد میں حافظ نصیر احمد نورانی ،رشیداحمدرضوی ،مفتی تصدق حسین اور مفتی جمیل رضوی بھی شامل تھے۔ جمعیت کے وفد نے جماعت اسلامی کے سابق امیرسید منورحسن کے انتقال پر سراج الحق اور جماعت اسلامی کے دیگر قائدین سے اظہار تعزیت کیا اور منور حسن کی جماعت اسلامی کے لئے خدمات اور ملک میں اسلامی جماعتوں میں ہم آہنگی کیلئے ان کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤںنے ملکی اور مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر میں بدترین ظلم جاری ہے 3 سالہ ننھے عباد کے سامنے اس کے نانا کا فوج کے ہاتھوں قتل پوری دنیا کے لئے لمحہ فکریہ ہے اقوام عالم کے نام نہاد انسانی حقوق کے علمبردار مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں، بوڑھوں، خواتین اور بچوں کے قتل عام پر آنکھیں بند کئے ہوئے ہیں۔ دونوں جماعتوں کے قائدین سراج الحق اور علامہ قاری زوار بہادر نے اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کااسلام آباد میں مندر کی تعمیر کو فوراً روک دیں ورنہ اس کی تمام تر نتائج کے ذمہ دار حکمران ہونگے۔