ضلع شیخوپورہ میں کھلے پھاٹکوں پر متعدد حادثات ہو چکے‘ ریلوے‘ ضلعی انتظامیہ کاغذی کارروائیوں تک محدود
فیروزوالہ (نامہ نگار) ٹرین اور کوسٹر حادثہ کھلا پھاٹک ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔ ضلع شیخوپورہ کے علاقہ میں کچھ عرصہ کے دوران متعدد کھلے پھاٹکوں پر ٹرین اور رکشوں، گاڑیوں کے حادثات ہوچکے ہیں جن میں درجنوں افراد جاںبحق ہوئے مگر محکمہ ریلوے اورضلعی انتظامیہ نے کاغذی حد تک سکیورٹی گارڈ تعینات کئے جو چند ماہ کے بعد ہی فلاپ ہوگئے جن کو تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے چلایا نہ جاسکا۔ رانا ٹائون ، فیروزوالہ خان پور، فاروق آباد اور شیخوپورہ کے علاقوں میں ٹرین حادثات میں درجنوں افراد ہلا ک ہوئے ہیں۔ انتظامیہ اور حکومتی سطح پر ریلوے پھاٹکوں کے سلسلہ میں متعدد بار مذاکرات ہوئے لیکن فنڈز نہ ہونے کے باعث پایہ تکمیل تک نہ پہنچ سکے۔