• news

بدترین لوڈشیڈنگ: عارفوالا، سید والا میں گرمی سے 2افراد جاں بحق

لاہور‘ اسلام آباد‘ کراچی‘ کوئٹہ سیدوالا‘ شاہپور‘ مصطفیٰ آباد‘ للیانی‘ قصور،نوشہرہ ورکاں (صباح نیوز + اے پی پی + نامہ نگاران + نمائندگان) لاہور سمیت شدید گرمی کیساتھ بدترین غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ میں شہری بلبلا اٹھے۔ معمولات زندگی شدید متاثر رہے۔ کئی علاقوں میں پانی کی قلت ہو گئی۔ سید والا میں شدید گرمی اور حبس کے باعث دم گھٹنے سے نوجوان دم توڑ گیا۔ مختلف مقامات پر لوڈشیڈنگ کے عذاب میں مبتلا لوگوں نے شدید احتجاج بھی کیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ،کراچی اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں غیراعلامیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جمعہ کے روز بھی جاری رہا شہری بلبلا اٹھے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں دھرم پورہ، تاجپورہ، آر اے بازار، بیدیاں روڈ ڈیفنس، وحدت روڈ، گڑھی شاہو، داروغہ والا، مناواں، مرغزار کالونی میں بتی گل رہی، شہریوں نے شکوہ کیا کہ کم وولٹیج سے الیکٹرانک مصنوعات خراب ہونے ہوئیں، لیسکو کو متعدد بار شکایت درج کرائیں لیکن کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔ترجمان این ٹی ڈی سی کے مطابق لاہور میں 220کے وی غازی ٹرانسمیشن لائن میں خرابی ہوئی جس کے باعث 90میگا واٹ کی لوڈ مینجمنٹ کے باعث 33 فیڈرز ایک وقت میں بند کئے گئے۔ اوکاڑہ سمیت کئی دیگر شہروں میں بھی بجلی وقفے وقفے سے جاتی رہی۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ بلوچستان میں ضلع کیچ کے نظر آباد تمپ کے مقام پر 132مین کے وی ٹرانسمیشن لائن کا ٹاور تیز ہوائوں اور بارش سے گرگیا جس سے گوادر، تربت اور پنجگور میں بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی۔ گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی لیسکو واپڈا کی پول کھل گئی۔ بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ساتھ ساتھ قصور کے متعدد ٹرانسفارمر اور تاریں ٹوٹنے سے اکثر علاقوں کی کئی گھنٹے بجلی بندش معمول بن گئی۔ شہری شدید گرمی اور حبس میں خوار ہو گئے۔ جبکہ وولٹیج کی کمی پیشی کی وجہ سے صارفین کے الیکٹرونکس کا قیمتی سامان ناکارہ ہونے لگا ہے۔ قصور اور اس کے نواحی دیہات کے عوام نے شدید احتجاج کیا ہے۔ سید والا میں 30 سالہ محنت کش گرمی اور حبس سے دم توڑ گیا۔ ٹھٹھہ روپ چند کا رہائشی 30 سالہ محنت کش صفدر علی اپنی ماں کے کہنے پر گزشتہ رو ز عصر کے وقت چولہا جلا نے کے لیے کھیتوں سے خشک ٹانڈے اکٹھے کرنے گیا واپس نہ آیا۔ صبح سویرے کھیتوں سے اس کی لا ش برآمد ہوئی۔ اہل خا نہ کے مطا بق صفد ر علی گرمی حبس و گھٹن کے با عث جا ں بحق ہو ا ہے۔ شاہپور سٹی، صدر اور گردونواح میں گذشتہ شب کئی گھنٹے بجلی بند رہی شدید گرمی کی وجہ سے بوڑھوں ، بچوں اور بیماروں کو شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔ شاہپور میں مرمت کے بہانے کئی ہفتوں سے بجلی کی بار بار بندش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے شہری گرمی برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔ سرگودھا اور گردونواح میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کا دن کا سکون رات کا چین چھین لیا۔ مختلف علاقوں میں مرمت کے نام پر چار چار گھنٹے بجلی بند کرنے کے باوجود غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ مصطفی آباد/للیانی میں گرمی کی شدت میں اضافہ کیساتھ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ عروج پر پہنچ گئی۔ وولٹیج کی کمی کی وجہ سے بھی عوام کوشدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اہل علاقہ سراپا احتجاج ہیں۔ پاکپتن اور گردو نواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ عروج پر ہے،مختلف علاقوں میں گھنٹوں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث خواتین، بزرگ، نوجوان اور بچے سبھی اذیت کا شکار ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے معاملات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔دوسری جانب دکانداروں کا کہنا ہے کہ بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے کاروبار تباہ ہو کر رہ گیا ہے۔حبس اور گرمی کے دنوں میں پتوکی میں بجلی لوڈشیڈنگ کا جن بے قابو شہری بلبلا اٹھے۔ شہر پتوکی و نواح میںشاہ والی فیڈر، سٹی فیڈ، ہسپتال فیڈرودیگر میں واپڈا کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ عروج پر ہے جس وجہ سے سیلف ایسولیشن پر موجود شہریوں کے لئے اندر رہنا مشکل ہوگیا۔ گھروں میں پانی کی بھی قلت شروع ہو گئی۔ چونیاں میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی چیخیں نکلوا دیں، رات بھر بجلی غائب رہی۔ شدید گرمی میںایک گھنٹے کے بعد گھنٹہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ کاروبار تباہ، عوام سراپا احتجاج بن گئے۔ چونیاں شہر اور گردو نواح میں شدید گرمی اور حبس کی لہرجاری ہے۔ اس صورتحال میں لیسکو اہلکاروں نے رات بھر بجلی بند کر کے شہریوں کی نیند چھین لی۔ شدید گرمی میں بچے بلبلاتے رہے۔ دریں اثناء پاور ڈویژن ذرائع کا کہنا ہے ملک میں بجلی کی ترسیل اور تقسیم کا نظام بہتر بنانے کیلئے نئے گرڈ سٹیشنز قائم کئے جائیں گے۔ پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق بجلی کی ترسیل و تقسیم کے نظام میں ماضی میں سرمایہ کاری نہ ہونے کی وجہ سے بجلی کی بلاتعطل فراہمی میں مشکلات اور مسائل پیش آ رہے ہیں، اس مقصد کیلئے بجلی کی ترسیل و تقسیم کے نظام میں سرمایہ کاری بڑھائی جا رہی ہے۔عارفوالا کے نواحی علاقہ چوک مرلے میں شدید گرمی کے باعث نامعلوم شخص جاں بحق ہو گیا۔ اہل علاقہ کے مطابق متوفی اکثر اوقات چوک مرلے کے مختلف مقامات پر نظر آتا رہتا تھا، تاہم کوئی اسے جانتا نہیں، وہ بول نہیں سکتا تھا۔ اچانک اسکی طبیعت خراب ہو گئی اور وہ زندگی کی بازی ہار گیا۔نوشہرہ ورکاں میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور کم وولٹیج پر کسانوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے فیڈر پر کئی کئی گھنٹے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے اور اگر بجلی آتی بھی ہے تو انتہائی کم وولٹیج آتے ہیں جس سے بجلی کی گھریلو استعمال کی اشیاء فریج موٹر نہیں چلتی اور نہ زرعی ٹیوب ویل چلتے ہیں جس کی وجہ دھان کی کاشت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن