• news

شاہ محمود ملٹری ہسپتال منتقل، ایرانی وزیرخارجہ شہباز شریف کی طرف سے نیک خواہشات

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) کرونا وائرس کا شکار وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو گھر سے ملٹری ہسپتال راولپنڈی منتقل کر دیا گیا شاہ محمود قریشی نے گزشتہ روز کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ انہوں نے گھر میں ہی خود کہ تنہا کر لیا ہے تاہم اب ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی کو ملٹری ہسپتال راولپنڈی منتقل کر دیا گیا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے صحت یابی کیلئے دعائیں اور ٹیلیفون کر کے صحت بارے دریافت کر نے والوں کا شکریہ ادا کیا ۔ ہفتہ کو اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ میں تمام دوستوں، بزرگوں، بہن، بھائیوں، پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے میری بیماری کی خبر سن کر تشویش کا اظہار کیا اور میری جلد صحت یابی کیلئے دعائیں کیں اور مسلسل کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ میں ان تمام احباب کا بھی انتہائی ممنون ہوں جنہوں نے بذریعہ ٹیلی فون کالز اور میسجز میری خیریت دریافت کی اور حوصلہ بڑھایا ۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی صحتیابی کیلئے دعا کی ہے انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہسپتال منتقل ہونے پراظہار تشویش بھی کیا ہے شہباز شریف نے شاہ محمود قریشی کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے نام ایک پیغام میں ان کی صحتیابی کیلئے دعا کی ہے اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان میں ایران کے سفارتخانے کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان ہم منصب کی صحتیابی کیلئے دعا کی ہے اور ان سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن