سول ایوی ایشن کا لائسنس جعلی نہیں ہو سکتا، شاہد خاقان: سب سے زیادہ ان کے دور میں پاس کئے گئے، شہباز گل
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جو 262 مشکوک پائلٹس ہیں ان کو شوکازجاری کیا جائے۔ سول ایوی ایشن امتحانات کے بعد لائسنس جاری کرتی ہے۔ سی اے اے کا لائسنس مشکوک یا جعلی نہیں ہو سکتا۔ کپتان بننے سے پہلے تحریری امتحان ہوتا ہے۔ اعلان ہوا کہ 262 لائسنس جعلی یا مشکوک ہیں، دنیا میں ہمارا مذاق بنا۔ انکوائری میں پائلٹ کی جعلسازی ثابت ہونے پر نکال دیناچاہئے۔ کورٹ آف انکوائری میں صفائی کا موقع ملنا چاہئے، رشوت سے نوکریاں لینے اور دینے والوں کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ سب سے زیادہ جعلی لائسنس کے جعلی امتحانات شاہد خاقان کے زمانے میں پاس کئے گئے۔ شاہد خاقان عباسی کے بیان پر رد عمل میں شہباز گل نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی اور ن لیگ نے اپنے دور میں پی آئی اے میں سیاسی بھرتیاں کی۔ موصوف کی اپنی ائر لائن منافع میں جبکہ سرکاری ایئر لائن خسارے میں تھی۔ ملک پر ذاتی کاروباروں کو ترجیح دی گئی، جعلی لائسنسوں کا دفاع ظاہر کرتا ہے کہ یہ معاملہ بھی انکی کرپشن پر ختم ہو گا۔ ہم نے اس معاملے کو شفافیت سے عوام کے سامنے رکھا۔ جعلی کمپنیاں، فرنٹ مین، جعلی بنک اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ آپ کا (شاہد خاقان) خاصا ہے۔