• news

مائنس ون کی کوئی بات نہیں، پی آئی اے سے متعلق سچ سامنے لائے، شبلی فراز

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ + نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے اندر مائنس ون کی کوئی بات نہیں ہوئی۔ جمہوریت میں چیزیں خفیہ نہیں رکھی جاتیں۔ سچ بتانا پڑتا ہے۔ پی آئی اے سے متعلق سب سچ سامنے لایا گیا ہم نے قدم اٹھایا ہے ہم اداروں کو ٹھیک کریں گے۔ بیوروکریسی میں قانون کے مطابق تعیناتیاں کی جاتی ہیں۔ ماضی میں میرٹ کو نظرانداز کیا گیا اور من پسند بھرتیاں کی گئیں۔ شبر زیدی بیمار ہو گئے تھے ورنہ ہم نے تو اچھے کیلئے تعینات کیا تھا۔ اداروں میں اصلاحات لا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں شینیٹر شبلی فراز نے کہاہے کہ کرونا ابھی مکمل ختم نہیں ہوا، خطرہ موجود ہے،کرونا کے خلاف طبی عملہ صف اول پر ہے، اگر ہم محتاط انداز سے ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے رہے تو ہسپتال جلد ویران ہوں گے۔ ہم سب نے متحد ہو کرونا وباء سے نبرد آزما ہونا ہے۔کوئی سیاسی پوائنٹ سکورننگ نہیں کرنا چاہتا یہ وہ وقت ہے جب ہم نے بحیثیت قوم اکٹھے ہو کر کرونا وائرس کی وباء کا مقابلہ کرنا ہے، بجائے اس کے ہم غیر یقینی یا اس قسم کے بیانات دیں جس سے اس قو می یکجہتی میں دراڑیں پڑیں۔ وزیراعظم عمران خان کی سمارٹ لاک ڈائون کی حکمت عملی آج پوری دنیا اختیار کر رہی ہے۔ کرونا وائرس سے متعلق حالات ابھی قابو میں ہیں تاہم ابھی خطرہ ٹلا نہیں۔ حکومتی کوششوں سے ہم نے کرونا وائرس کی ٹیسٹنگ صلاحیت کو مزید وسیع کیا۔ہفتہ کو وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے پولی کلینک ہسپتال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم نے کرونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی اپنائی، وزیراعظم عمران خان کی حکمت عملی کے باعث کرونا کے کیسز میں کمی آئی۔ این سی او سی نے کرونا وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے دن رات کام کیا۔ ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے پر عوام کے شکر گزار ہیں۔ حکومت نے کرونا وباء کے دوران احساس پروگرام کے ذریعے مستحق لوگوں تک امداد پہنچائی، حکومتی کوششوں سے کرونا ٹیسٹنگ کی صلاحیت کو بڑھایا گیا۔ کرونا وباء میں فرنٹ لائن کے ہیروز کا کردار ادا کرنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات نے ڈاکٹرز اور طبی عملے میں ماسکس اور سینیٹائزر بھی تقسیم کئے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہسمارٹ لاک ڈائون کی حکمت عملی کے نتائج سامنے آرہے ہیں۔ کرونا وائرس کے مریضوں کی شرح نیچے گر رہی ہے۔ حکومت نے عوام کو جتنی بھی سہولتیں دینے کی کوشش کی اس میں ایک نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا ادارہ بنایا گیا جس میں ہمارے ملک کے سپیشلسٹ ڈاکٹرز، مسلح افواج کے لوگ، سیاستدان، وفاقی وزرائ، صوبائی وزراء اعلیٰ اور بیوروکریسی پر مشتمل ٹیم کو تشکیل دیئے ہوئے آج 100روز مکمل ہو گئے ہیں اور جس کامیابی، محنت اور مئوثر انداز میں اس ادارے نے اس پوری وباء کو ہینڈل کیا وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ حکومت اور این سی او سی نے پوری کوشش کر کے ملک میں لیبارٹریز کی تعداد کو 129تک پہنچا دیا ہے۔ اپنے وینٹی لیٹرز بنانے شروع کر دیئے ہیں، ہمارے ہسپتالوں میں بیڈز کی دستیابی وہ بھی تسلی بخش ہے۔ شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے میڈیکل اسٹاف کے لئے بھی ایک خاص پیکج کا اعلان کیا ہے اور ہم آپ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے اور آگے بھی ہم آپ کے لئے جو کرسکے وہ کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن