• news

شیخوپورہ حادثہ میں ہلاک ہونیوالے سکھ خاندان کے افراد کی آخر ی رسومات ادا

شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی/ صباح نیوز) شیخوپورہ میں ٹرین کوسٹر حادثہ میں معجزانہ طور پر زندہ بچ جانے والی دو کمسن بچیاں اور ایک خاتون ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شیخوپورہ میں زیر علاج ہیں۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ سکھ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی دونوں بچیوں اور خاتون کی حالت تسلی بخش ہے۔ وزیراعلی پنجاب کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ محمد اصغر جوئیہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شیخوپورہ میں تینوں زخمیوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر میڈیکل سپرٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شیخوپورہ ڈاکٹر اظہر امین نے بتایا کہ تینوں زخمیوں کی حالت تسلی بخش ہے اور وہ تیزی سے روبصحت ہو رہی ہیں۔ اس موقع پر سکھ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے زخمی افراد کے لواحقین نے بہترین طبی اور کھانے پینے اور رہائش کے انتظامات کرنے پر ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ دوسری طرف تصادم میں مرنیوالے سکھ برادری کے افراد کی آخری رسومات اٹک کے شمشان گھاٹ میں ادا کردی گئیں۔ گزشتہ روز دوپہر شیخوپورہ میں ٹرین حادثے میں مرنیوالے سکھ برادری کے 19افرادکی میتیں رات گئے پشاورمیں بھائی جوگاسنگھ محلہ جوگن شاہ منتقل کر دی گئیں۔ مرنے والوں میں 7خواتین، 3بچے اور 9مرد شامل ہیں۔ ان افراد کی آخری رسومات اٹک کے شمشان گھاٹ میں ادا کر دی گئیں۔ رکنِ صوبائی اسمبلی رنجیت سنگھ نے اس سانحہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے اورحکومتی اداروں کے تعاون پر اظہارِاطمینان کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن