گلگت بلتستان الیکشن پی ٹی آئی پی پی نے ٹکٹ کیلئے امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لیں
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی+ نیوز رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکریٹری جنرل سینیٹر فرحت اللہ بابر نے گلگت بلتستان کے انتخابات کے لئے پارٹی ٹکٹ کے لئے امیدواروں سے 10جولائی تک درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ فرحت اللہ بابر نے کہا کہ درخواست صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے نام اور پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے نام 15000روپے کا پے آرڈر منسلک کرکے زرداری ہائوس اسلام آباد کے پتہ مکان نمبر 8، اسٹریٹ 19، F-8/2پر ارسال کی جائیں۔ گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے لیے تحریکِ انصاف نے تیاریاں شروع کر دیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریکِ انصاف نے پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواستیں اور کوائف 11 جولائی تک طلب کر لیے۔کوائف کی فراہمی اور ٹکٹ کے لیے درخواست دینے کا طریقہ پی ٹی آئی کی ویب سائٹ پر درج کر دیا گیا ہے جبکہ درخواستیں ملنے کے بعد پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے لیے پارلیمانی بورڈ تشکیل کرے گی۔پارلیمانی بورڈ پاکستان تحریکِ انصاف کے لیے درخواستوں کی پڑتال کے بعد امیدواروں کا اعلان کرے گا۔ تحریکِ انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللّٰہ خان نیازی کا اس حوالے سے ایک بیان میں کہنا ہے کہ گلگت بلتستان ریاستِ پاکستان کی اہم اکائی اور بہترین انسانی و قدرتی وسائل سے مالا مال علاقہ ہے۔ گلگت بلتستان کا انتخاب انشاء اللّٰہ خطے کی سیاسی تاریخ میں نئے دور کا نکتہ آغاز ثابت ہو گا۔