• news

آٹا تھیلا 850 میں ہی فروخت ہوگا، من مانی نہیں کرنے دینگے: فیاض چوہان

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض چوہان نے کہا ہے کہ کسی کو من مانی نہیں کرنے دیں گے آٹا مقررہ قیمت پر ہی فروخت ہوگا طے ہوا تھا کہ آٹے کا تھیلا 850 روپے میں فروخت کیا جائیگا ملک کے ہر شعبے میں مافیا بیٹھا ہے گندم اور آٹے کا کوئی بحران نہیں 20 کلو آٹے کا تھیلا 850 روپے میں ہی عوام کو ملے گا۔ دریں اثناء وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کی جانب سے کرونا کے خلاف جنگ کے 100 دن مکمل ہونے پر وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا کہ کرونا کے خلاف جنگ میں محدود وسائل کے باوجود واضح کامیابیوں پر این سی او سی مبارکباد کا مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ 26 جولائی سے شروع ہونے والے اس سفر میں ابتک این سی او سی کی طرف سے ملک بھر میں کرونا مریضوں کے لیے 27000 بیڈز مختص کیے گئے ہیں، ہیلتھ ورکرز کے لیے خصوصی ریلیف پیکج جوکہ کمزور طبقات کے لیے 149 ارب کا ریلیف پیکج دیا گیا ہے۔ وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ آج پاکستان وینٹی لیٹرز اور پی پی ایز بنانے میں خود کفیل ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملک بھر کی 132 لیبارٹریز میں کرونا ٹیسٹ کی استعداد 60 ہزار روزانہ تک پہنچ چکی ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت کرونا کے خلاف محاذ پر کامیابیاں سمیٹ رہی ہے۔ ٹویٹر پر ہیش ٹیگ "کرونا کے خلاف جنگ بزدار کے سنگ" کا ٹاپ ٹرینڈ بننا سردار عثمان بزدار پر عوامی اعتماد کی دلیل ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام مجوزہ حکومتی ایس او پیز پر عمل کر کے کرونا کے خاتمے میں حکومت کا ساتھ دے۔

ای پیپر-دی نیشن