شہبازشریف کی کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں لوڈشیڈنگ کی مذمت
لاہور(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاںمحمد شہبازشریف نے کراچی سمیت ملک کے مختلف حصوں میں لوڈشیڈنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ کراچی میں بجلی کی فراہمی میں قلت اور اس پر قیمتوں میں اضافہ دوہرا ظلم ہے۔ اضافی گیس اور تیل ملنے کے باوجود بجلی کی پیداوار میں قلت صرف نالائقی ہے ۔ ملک بھر میں وافر بجلی کی موجودگی کے باوجود لوڈشیڈنگ کی شکایات میں اضافہ صرف نااہلی اور بدانتظامی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار شہباز شریف نے ہفتہ کے روز سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوام حیران ہیں کہ لوڈشیڈنگ بھی جاری ہے اور بجلی کے بلوں میں ظالمانہ اضافہ بھی جاری ہے۔ عوام کورونا وبا، معیشت کی تباہی اور بیروزگاری سے دوچار ہیں، بجلی گیس کے بل بھی بڑھتے جارہے ہیں ۔ وجودہ حکومت ہر روز عوام کے صبر کاکڑا امتحان لے رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ظلم در ظلم ہے ۔ ظلم کی حکومت ظالمانہ اقدامات سے ظلم کی تبدیلی لائی ہے ۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قائد محمدنوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن)نے ملک سے لوڈشیڈنگ کے اندھیرے ختم کئے ۔ موجودہ حکومت نوازشریف دور میں بنائی گئی بجلی کو مینیج کرنے میں بھی ناکام ہے۔