• news

فردوس مارکیٹ انڈر پاس منصوبے کا دورہ، ماضی میں وسائل ضائع کئے گئے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب کی کابینہ کمیٹی برائے انسداد کرونا کے اہم اجلاس میں وباء کا پھیلاؤ روکنے کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ عیدالاضحی کے لئے ایس او پیز کی تیاری اور دیگر ضروری انتظامات پر غورکیا گیا۔ وزیراعلی نے عیدالاضحی سے 15 روز قبل مویشی منڈیاں لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مویشی منڈیاں شہری حدود کے باہر لگانے کے انتظامات جلد مکمل کئے جائیں اور عیدالاضحی کے موقع پر ایس او پیز کو جلد حتمی شکل دی جائے۔ وزیراعلی نے سمارٹ لاک ڈاؤن کے باعث پنجاب میں وباء میں کمی پر اطمینان کا اظہارکیا۔ انہوں نے کہا کہ ادویات اور انجکشن وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔ پنجاب حکومت نے مہنگے داموں ادویات فروخت کرنے پر 12 ہزار سے زائد انسپکشن کی ہیں۔ صوبے میں کسی کو ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کرنے دیں گے۔ پنجاب حکومت سیوریج کے پانی میں وائرس کی موجودگی کا جائزہ لینے کے لئے پائلٹ پروگرام شروع کرے گی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر نے گزشتہ 100 روز میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔ علاوہ ازیں بزدار حکومت نے صوبے کے انفراسٹرکچر سیکٹرکی پائیدار ترقی کیلئے بڑا اقدام کیا ہے۔ وزیراعلی کی ہدایت پر شہروں کے انفراسٹرکچر کیلئے اکنامک پلان مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا ہے کہ شہروں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت انفراسٹرکچر کے نئے منصوبے مکمل کئے جائیں گے اور پی پی پی پراجیکٹس کے لئے انٹرنیشنل بڈنگ پر جائیں گے۔ راولپنڈی رنگ روڈ کے منصوبے کے لئے ضروری امور جلد طے کئے جائیں۔ لاہور کے 20 پائلٹ زون میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا پراجیکٹ سوا7 ارب روپے سے مکمل ہوگا۔ لاہور میں 42 وہیکل فٹنس ٹیسٹنگ سسٹم ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے قائم ہوں گے۔ اجلاس میں پنجاب پبلک پرائیویٹ پارنٹر اتھارٹی کے انتظامی او رمالی قوانین کی منظوری دی گئی اور پالیسی اینڈ مانیٹرنگ بورڈ کے دوسرے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ عثمان بزدار نے معروف شاعر، ادیب اور کالم نگار ناصر زیدی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ عثمان بزدار نے بغیر پروٹوکول فردوس مارکیٹ انڈرپاس منصوبے کا اچانک دورہ کیا۔ انتظامیہ اور متعلقہ حکام لا علم رہے۔ وزیراعلی عثمان بزدار خود گاڑی چلا کر سائٹ پر پہنچے اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ منصوبے پر کام کرنے والوں سے گفتگو کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے منصوبے کو مقررہ وقت سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فردوس مارکیٹ انڈر پاس کے منصوبے کو جلد مکمل کر کے شہریوں کو آمد و رفت میں سہولت مہیا کریں گے۔ ماضی میں قومی وسائل کو بے دردی سے ضائع کیا گیا۔ ہم قومی وسائل کی پائی پائی کے امین ہیں۔ عثمان بزدار نے محکمہ ہائی ویزکی گزشتہ مالی سال 2019-20ء کی سڑکوں کی مینٹیننس اور مرمت کی سکیموں کی انسپکشن کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم گزشتہ مالی سال میں سڑکوں کی مینٹیننس اور مرمت کی سکیموں کے حوالے سے انکوائری کرے گی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ ترقیاتی سکیموں میں شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن