• news

مقبوضہ کشمیر: مزید 2 نوجوان شہیڈ: لاک ڈائون کے دوران 192 کشمیری بھارتی درندگی کی بھینٹ چڑھ گئے

سری نگر (نوائے وقت رپورٹ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کر کے مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع کلگام میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران قابض فوج نے فائرنگ کر کے دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ نعشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کر دیا جس پر اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا۔ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کو گیارہ ماہ بیت گئے‘ اس دوران بھارتی فوج نے 192 کشمیری نوجوانوں کو شہید اور 1326 کو زخمی کیا۔ کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق 5 اگست 2019ء کو بھارت نے آرٹیکل 370 کو ختم کر کے مقبوضہ وادی میں مکمل طور پر لاک ڈاؤن اور کرفیو لگا دیا جسے آج گیارہ ماہ گزر گئے۔ اس دوران غاصب فوج نے 192 کشمیریوں کو شہید کیا۔ 1326 زخمی ہوئے۔ 9 خواتین بیوہ ہوئیں۔ 22 بچے یتیم اور 935 گھروں کو مسمار کر دیا گیا۔ ہزاروں سیاسی کارکن اور رہنما گھروں میں نظربند اور گرفتار کر لئے گئے۔ وادی میں انٹر نیٹ اور موبائل سروس بند ہے۔ تعلیمی اداروں اور کاروباری مراکز پر تالے پڑے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن