سنٹرل کنٹریکٹ کیلئے قومی بلائنڈ کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ آج شروع
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل قومی کرکٹرز کو سنٹرل کنٹریکٹ دینے کیلئے ان کے آن لائن فزیکل فٹنس ٹیسٹ آج سے لے گی اور کھلاڑیوں کے فزیکل فٹنس ٹیسٹ کا سلسلہ 15جولائی تک مکمل ہو گا۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سنٹرل کنٹریکٹ میں منتخب ممکنہ 17 کھلاڑیوں کا اعلان 20 جولائی کو کریگی۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے بتایا کہ یکم جولائی سے 17 قومی بلائنڈ کھلاڑیوں کو 6 ماہ کیلئے سنٹرل کنٹریکٹ دیا جائے گا۔ 40 کھلاڑیوں کا فزیکل فٹنس ٹیسٹ 6 جولائی سے لیا جائے گا جو 15جولائی کو اختتام پزیر ہوگا، جس کے بعد ان میں سے 17 کھلاڑیوں کو سنٹرل کنٹریکٹ کیلئے منتخب کیا جائے گا۔ کھلاڑیوں میں اے کیٹیگری میں 2 کھلاڑی، بی کیٹیگری میں 4 جبکہ سی کیٹیگری میں11 کھلاڑی شامل ہوں گے۔ تینوں کیٹیگری کے کھلاڑیوں کو بالترتیب 15 ہزار، 12 ہزار اور 10 ہزار روپے ماہانہ معاوضہ دیا جائے گا۔