کرپشن‘ مہنگائی مائنس کر رہے ہیں‘ اپوزیشن روڑے نہ اٹکائے: چوہدری سرور
لاہور(نیوز رپورٹر)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ حکومت کو پار لیمنٹ کے اندر اور باہر اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں۔ ' وزیر اعظم عمران خان کی ایماندار ی پر انکے مخالفین بھی انگلی نہیں اٹھا سکتے' اپوزیشن کو ہر معاملے میں روڑے اٹکانے کی عادت ختم کر نی چاہیے۔ پنجاب کے مختلف اضلاع سے آنیوالے انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے وفود سے گفتگو کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ اپوزیشن اپنی سیاسی دکانداری چمکانے کے لیے ہر معاملے پر سیاست شروع کر دیتی ہے‘ ہمیں اپوزیشن کے کسی احتجاج اور دھمکی سے کوئی خطرہ نہیں بلکہ ہم اپنی آئینی مدت پوری کر یں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے عام انتخابات میں تحریک انصاف کو حکومت کر نے کیلئے پانچ کا مینڈ یٹ دیکر اپوزیشن کو مائنس کر دیا۔ عوام سے عام انتخابات میں کیے جانیوالے وعدوں کو پورا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ اصولی سیاست کی ہے اور تحریک انصاف پوری طاقت سے وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہمیں یقین ہے انشاء اللہ وزیر اعظم عمران خان ہی ملک کو مسائل سے نجات دلائیں گے اور ملک کو معاشی طور پر بھی مضبوط بنائیں گے۔ انصاف ٹائیگر زفورس کے نوجوان انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں اور حکومت نوجوانوں کو روز گارکی فراہمی بھی یقینی بنائے گی۔