سندھ حکومت نے انسداد ٹڈی دل کے60 کروڑ سے گاڑیاں خرید لیں: حلیم عادل
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی رہنما حلیم عادل شیخ نے الزام عائد کیا ہے کہ ٹڈی دَل کے خاتمے کے لیے سندھ حکومت کو 60 کروڑ روپے ملے جن سے اس نے سپرے مشین یا ادویات خریدنے کی جگہ گاڑیاں خریدیں۔ پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے مورو میں پی ٹی آئی ورکرز سے خطاب میں کہا کہ احساس ایمرجنسی پروگرام کے تحت سندھ کے 50 لاکھ خاندانوں کو 60 ارب روپے دیے۔ انہوں نے کہا کہ اتنی رقم دینا ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ریکارڈ ہے جب کہ سندھ حکومت راشن کی جگہ بھاشن دیتی رہی۔انہوں نے مزید کہا سندھ حکومت کا وفاقی ٹیکس جمع کرنے سے انکار آئین کی خلاف ورزی ہے۔ سندھ میں فنانشل ایمرجنسی لگائی جا سکتی ہے۔ مناظرے کا چیلنج کرنے والے بلاول کے سندھ میں ایمبولینس ہے نہ ہسپتال۔ لاڑکانہ میں 2 کروڑ روپے کی ادویات چوری کی گئیں۔ بلاول بھٹو کے حلقے میں پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں۔