سابق وفاقی وزیر آیت اللہ درانی انتقال کر گئے‘ زرداری ‘ بلاول کا اظہار افسوس
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر آیت اللہ درانی مختصر علالت کے بعد اتوار کو کوئٹہ میں انتقال کر گئے۔ ڈاکٹر آیت اللہ درانی گزشتہ کچھ دنوں سے شدید علیل تھے اور کوئٹہ کے فاطمہ جناح چیسٹ ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ مرحوم کی نماز جنازہ آج (پیر) کو صبح 10 بجے ان کے آبائی علاقے پڑنگ آباد ضلع مستونگ میں ادا کی جائے گی۔ آیت اللہ درانی 2008ء کے انتخابات میں مستونگ سے پی پی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے اور وہ 2011ء تک یوسف رضا گیلانی کی کابینہ میں وزیر مملکت برائے صنعت و پیداوار رہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری، پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری ودیگر رہنماؤں نے سابق وفاقی وزیر آیت اللہ درانی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔ سابق صدر نے کہا ہے کہ آیت اللہ درانی پارٹی کے نظریاتی اور وفادار کارکن تھے۔ ان کا انتقال پارٹی اور بلوچستان کا ناقابل تلافی نقصان ہے۔ آصف زرداری نے آیت اللہ درانی کے خاندان سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بلاول بھٹو زرداری نے بھی آیت اللہ درانی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ آیت اللہ درانی بلوچستان کو ایک پر اثر آواز تھے ۔ محترمہ بینظیر بھٹو کے سچے نظریاتی اور وفادار سپاہی تھے۔ پیپلز پارٹی اور بھٹو خاندان آیت اللہ درانی کے خاندان کے دکھ میں شریک ہے۔ آیت اللہ درانی نے ہر آمر کا دلیرانہ مقابلا کیا۔ دیگر رہنماؤں نے بھی سابق وفاقی وزیر آیت اللہ درانی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔